Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن قائم کرنے کے لیے تینوں آسمانی مذاہب کے پیشوا کا اتفاق

یہودی ، عیسائی اور مسلمان انصاف اور اخوت کے رشتے استوار کریں گے
رابطہ عالم اسلامی نے  پیرس میں ’ اسلام فرانسا‘ ادارے کے تعاون سے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی ہے جس میں 40 ممالک سے مسلم، عیسائی اور یہودی مذہبی پیشوا شریک ہوئے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہے جس میں تینوں آسمانی مذاہب کے پیشوائوں نے مل جل کر قیام امن کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رابطہ عالم اسلامی نے نسل ابراہیمی کے پیرس معاہدے پر دستخط کئے۔ اس میں فرانس سے تعلق رکھنے والے کیتھولک، آرتھوڈیک اور پروٹیسٹینٹ فرقوں کی نمائندگی ہے۔ 
رابطہ عالم اسلامی نے پیرس معاہدے پر دستخط کرکے تمام آسمانی مذاہب کے پیرو کاروں کے نمائندوں پر مشتمل پہلی اسلامی تنظیم قائم کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پیرس معاہدے میں شریک فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہودی، عیسائی اور مسلمان انصاف اور اخوت کے رشتے استوار کریں گے۔ اس مقصد کے لیے مل جل کر جدوجہد کریں گے۔

رابطہ عالم اسلامی نے نسل ابراہیمی کے پیرس معاہدے پر دستخط کئے۔ فوٹو: سبق

معاہدے پر دستخط کرنے والوں نے اعلان کیا ہے کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ابراہیم علیہ السلام کی اولاد مشترکہ قدروں پر یقین رکھتی ہے۔ تینوں مذاہب کے ماننے والے دوسرے مذاہب کی اپنی شناخت کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ اسلام، یہودیوں اور عیسائیوں کو اہل کتاب کہہ کر شرعی احکام میں خصوصی حیثیت دیئے ہوئے ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ نسلی اور مذہبی تفریق کے نعروں کی مخالفت کی جائے۔ ملکی امن و امان کو کسی بھی عنوان سے تباہ و برباد کرنے والے افکار کی مزاحمت کی جائے۔ تفرقہ و انتشار پھیلانے والے افکار سے نمٹنے والے قانون بنائے جائیں۔ ملک کے تمام باشندوں کے ساتھ انصاف اور مساوات کا سلوک کیا جائے۔ پرامن بقائے باہم اور اخوت کے اصولوں کو فروغ دیا جائے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا کہ انتہا پسند عناصر زمینی حقائق سے کٹے ہوئے ہیں۔ یہ فرضی افکار کو سینے سے چمٹائے ہوئے ہیں۔ یہ افکار ماضی اور حال کو صحیح شکل میں نہ سمجھنے کا نتیجہ ہیں۔

 رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا کہ انتہا پسند عناصر زمینی حقائق سے کٹے ہوئے ہیں۔ فوٹو: سبق

العیسیٰ نے کہا کہ مذہب کو سیاسی استحصال سے بچانا اشد ضروری ہے۔ تینوں آسمانی مذاہب کے پیرو کارو ں کے لیے امن بے حد اہم ہے۔ رابطہ عالم اسلامی ملک کے اندر اور باہر امن و امان کے بارے میں آگہی مہم چلائے ہوئے ہے۔
العیسیٰ نے خبردار کیا کہ خارجی فنڈنگ کے بل پر درانداز معاشروں میں فتنے برپا کررہے ہیں۔فرانس کے اسلامی ادارے قابل قدر ہیں جو اپنا قومی کردار بہترین شکل میں ادا کررہے ہیں۔
کانفرنس میں علماء ، دانشور، اسکالر اور سفارتکار کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اسے بین الاقوامی صحافت کے نمائندو ں نے اچھی  کوریج دی۔ یونیورسٹیوں کے وفود نے بھی غیر معمولی دلچسپی دکھائی۔ کانفرنس میں شریک علماء اور دانشوروں نے حاضرین کے سوالا ت کے جوابات بھی دیے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: