Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: منی بس حادثے میں آٹھ افراد ہلاک

ڈرائیوروں کو چاہئے کہ وہ سڑک پر توجہ دیں۔ (فوٹو: گلف نیوز)
دبئی پولیس نے کہا ہے کہ پیرکو منی بس کے حادثے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔
متحدہ عرب امارات کی ویب سائٹس الامارات الیوم، گلف نیوز، البیان اور خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مھیر المزروعی کا کہنا ہے کہ منی بس کو حادثہ شیخ محمد بن زاید روڈ پر مردیف سٹی سینٹر شارجہ کے قریب پیش آیا۔ 

حادثے کی وجوہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش جارہی ہے۔ (فوٹو: البیان)

بریگیڈیئر سیف نے کہا کہ لاشیں ہسپتال کے سرد خانے میں محفوظ کر دی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کا ہستپال میں علاج جاری ہے ان میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔ منی بس میں کل 13مسافر اور ڈرائیور سوار تھے۔
گلف نیوز کے مطابق ایک سوشل ورکر ناصر وڈانپلانی نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں چھ نیپالی، ایک انڈین اور ایک پاکستانی شہری ہے جبکہ زخمیوں میں ایک بنگلہ دیشی اور پانچ انڈین شہری شامل ہیں۔ مرنے والے آٹھ افراد کی لاشیں راشد ہسپتال منتقل کی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو بھی اسی ہستپال میں رکھا گیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی پولیس نے کہا ہے کہ حادثے میں بس ڈرائیور اور7مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔2مسافر شدید زخمی ہیں جبکہ 4دیگر کو معمولی زخم آئے ہیں۔ پولیس حالات اور واقعہ کا جائزہ لے رہی ہے۔
دبئی پولیس کے میڈیا سکیورٹی ڈائریکٹر کرنل فیصل القاسم نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈرائیوروں کو چاہیے کہ وہ سڑک پر توجہ دیں اور حد درجہ احتیاط سے کام لیتے ہوئے ڈرائیونگ کریں۔
دبئی پولیس کے مطابق 2019ء کے ابتدائی آٹھ ماہ میں منی بسوں کے 34 ٹریفک حادثات ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ سال اسی عرصے کے دوران 35 حادثات ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ سکول سے طلبہ کو گھر لانے لیجانے کے لیے منی بسوں کا استعمال امارات میں ممنوع ہے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: