Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سٹیشن میں آگ لگنے کا واقعہ معمولی نہیں‘ 

سٹیشن کی چھت سمیت دوسری منزل مکمل طور پر تباہ ، گرائونڈ فلورتک آگ نہیں پہنچی تھی
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ جدہ میں حرمین ریلوے سٹیشن میں آگ لگنے کا واقعہ معمولی نہیں ہے۔ یہ  بہت بڑا واقعہ ہے لیکن اس میں ابھی تک کسی کو ملوث پا کر گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے  مطابق گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا کہ سٹیشن میں آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں۔کوئی بھی قدم اٹھانے سے قبل ہم یہ معلوم کرنا چاہیں گے کہ آگ کیسے لگی اور کیوں لگی؟ اس میں کوئی ملوث ہے یا نہیں؟
شہزادہ خالد الفیصل نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ تفتیشی ادارے اپنا کام کررہے ہیں اور واضح نتائج معلوم ہوتے ہی اعلان کردیا جائے گا۔

حرمین ریلوےسٹیشن میں گزشتہ روز آگ لگی تھی جسے کم و بیش 15گھنٹے بعد بجھایا جاسکا(فوٹو:سبق)

جدہ حرمین ریلوےسٹیشن کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کی چھت سمیت دوسری منزل مکمل طور  پر تباہ ہوگئی ہے جبکہ گرائونڈ فلور اور پہلی منزل تک آگ نہیں پہنچی تھی۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ گو پر آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم ابھی بھی آگ بجھانے والی  ٹیمیں اپنے تمام تر سازو سامان کے ساتھ موقع پر موجود ہیں۔
انہوں نے محکمہ شہری دفاع کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے بہت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں شہری دفاع کی ٹیموں کے ساتھ دیگر محکموں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
واضح رہے کہ جدہ میں حی السلیمانیہ میں واقع حرمین ریلوے سٹیشن میں گزشتہ روز آگ لگی تھی جسے کم و بیش 15گھنٹے بعد بجھایا جاسکا۔ آتشزدگی کے باعث حرمین ریلوے تا حکم ثانی معطل کردی گئی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: