Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حرمین ٹرین کے سفر کی ایک ماہ میں بحالی‘

آگ کا دائرہ دوسری منزل میں مسافروں کے ہال تک محدود رہا، فوٹو: سبق
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور ریلوے کمپنی کے سربراہ ڈاکٹر نبیل العامودی نے کہا ہے کہ حرمین ٹرین کا سفر 30 دن کے اندر بحال ہوجائے گا۔ جدہ کے رہائشی کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سٹیشن بھی استعمال کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ جدہ میں حرمین ریلوے سٹیشن میں زبردست آتشزدگی کے بعد ٹرینوں کا سفر تا حکم ثانی روک دیا گیا تھا۔ آتشزدگی کے باعث سٹیشن کی دوسری منزل مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جدہ میں حرمین ریلوے سٹیشن میں مرمت کا کام جلد شروع ہو جائے گا۔ امید ہے کہ 30 دن کے اندر ٹرینوں کا سفر بحال ہو جائے گا۔

وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، فوٹو: سبق

انہوں نے کہا کہ جدہ سٹیشن میں بڑی آگ لگی تھی۔ اسے بجھانے کے لیے محکمہ شہری دفاع کے ساتھ دیگر اداروں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ 
انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے اسباب معلوم کئے جارہے ہیں۔ تفتیشی ادارے کام کررہے ہیں، قبل از وقت اندازے لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

 وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اداروں نے آگ بجھانے میں ایک دوسرے سے تعاون کیا، فوٹو: سبق

انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے والی ٹیمیں مختلف جہتوں پر کام کر رہی تھیں۔ ان کی اولین توجہ آگ پر قابو پانے کی تھی۔ دوسری جانب وہ اس بات کی بھی کوشش میں تھے کہ آتشزدگی کا دائرہ محدود رہے اور دیگر حصوں تک نہ پھیل سکے۔
 وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ محکمہ شہری دفاع اور تعاون کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار سٹیشن کے گراﺅنڈ فلور اورپہلی منزل کو آگ سے بچانے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ آگ کا دائرہ دوسری منزل میں مسافروں کے ہال تک محدود رہا، سٹیشن کا کنٹرول روم بھی بچ گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ایک ماہ کے اندر مسافر ہال کی مرمت کرکے ٹرینوں کا سفر دوبارہ شروع کرسکیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: