Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راحت اور عاطف اسلم کا ریاض میں فن کا مظاہرہ

پاکستانی اور انڈین بھائیوں اور بہنوں کا ریاض میں انتظار کریں گے ۔ فوٹو۔عرب نیوز
ریاض سیزن کے سلسلے میں جاری مختلف ثقافتی پروگراموں کے پیش نظر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض شہر اور گردو نواح میں رہنے والے پاکستانی اور انڈین تارکین کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
25 اکتوبر کی شام ریاض میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان حاضرین کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستانی اور انڈین شہریوں کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ فوٹو۔ ٹوئٹر

عرب نیوز کے مطابق سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور ریاض سیزن کے سربراہ ڈاکٹر ترکی آل شیخ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان 25 اکتوبر کو ہمارے پاکستانی اور انڈین بھائیوں اور بہنوں کا ریاض میں انتظار کریں گے۔‘

ریاض سیز ن کا سلسلہ 70دن تک جاری رہے گا۔ فوٹو ۔اردونیوز

11 اکتوبر سے 15 دسمبر تک 70 روز جاری رہنے والے ریاض سیزن میں دنیا بھر سے آنے والے ثقافتی طائفے اور تفریحی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
عاطف اسلم کو گذشتہ دنوں گلوکاری کے پروگرام کوک سٹوڈیو میں حمدیہ نظم ’وہی خدا ہے‘ کو منفرد انداز میں پیش کرتے ہوئے سنا گیا ہے جسے سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
گذشتہ ہفتے یوٹیوب کے ذریعے یہ کلام جاری کیا گیا۔ اس سے قبل پاکستان کے مشہور کلاسیکی گلوکار نصرت فتح علی خان کی آواز میں اسے مقبول ترین سمجھا جا رہا ہے جسے دیکھنے اور سننے والے تقریبا 13 ملین افراد کی جانب سے پذیرائی مل چکی ہے۔
اسی طرح نصرت فتح علی خان کے بھتیجے اور پاکستان اور انڈیا میں بیک وقت شہرت حاصل کرنے والے گلوکار راحت فتح علی خان نے کوک سٹوڈیو سے ’دم مست قلندر‘ پر خوب پرفارمنس دی جسے یوٹیوب پر اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: