سعودی عرب نے الشرقیہ ریجن میں درجنوں ڈرونز مار گرائے
ترجمان نے بتایا اب تک 37 ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔ (فوٹو:عرب نیوز)
سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کو منگل کی شام مملکت کے الشرقیہ ریجن میں درجنوں ڈرونز کو روک کر تباہ کیا ہے۔
وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان نے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں بتایا’ اب تک 37 ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔‘
منگل کی صبح وزارت کے ترجمان نے ایک پوسٹ میں بتایا’ گزشتہ گھنٹوں کے دوران تقریبا بارہ ڈرون تباہ کیے گئے۔‘
اس سے قبل پیر کو مملکت کے علاقے الخرج، ریاض، اور الشرقیہ ریجن میں کم از کم 70 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا تھا۔
ایران کی جانب سے یہ حملے 28 فروری سے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد خلیجی ملکوں کو نشانہ بنانے کی ایک وسیع مہم کا حصہ ہیں۔
حملوں کی اس تازہ لہر کے بعد مملکت میں اب تک تباہ کیے جانے والے دشمن کے ڈرونز کی کل تعداد 180 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
فضائی دفاعی دستوں نے اب تک مجموعی طور پر قریباً 31 میزائل بھی مار گرائے ہیں جن میں زیادہ تر بیلسٹک اور کچھ کروز میزائل شامل ہیں۔
حملوں کو روکنے کی کارروائیاں متعدد علاقوں میں رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں مشرقی صوبہ، ربع الخالی میں شیبہ آئل فیلڈ کے قریب کا علاقہ، ریاض کا خطہ اور مملکت کے دیگر حصے شامل ہیں۔
