Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھوڑوں کا فضلہ پاور پلانٹ کیوں بھیجا گیا؟

ہلسنکی کے چار روزہ عالمی ’ہارس شو‘ کی بجلی کی ضروریات گھوڑے کے فضلے سے پوری کی گئیں۔ فوٹو اے ایف پی
یورپی ملک فن لینڈ کی پاور کمپنیوں نے صاف بجلی کے حصول کا راستہ جانوروں کے فضلے میں سے نکالا ہے۔
رواں ماہ فن لینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی میں بین الاقوامی گھڑ سواری کا شو ’ایف ای آئے‘ منعقد ہوا جس میں استعمال کی جانے والی بجلی گھوڑوں کے فضلے سے پیدا کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق شو کے دوران سو ٹن کے برابر گھوڑوں کا فضلہ دو بڑے کنٹینرز میں بھر کر ہلسنکی کے پاور پلانٹ بھجوایا گیا جس سے پھر 150 میگا واٹ کی بجلی پیدا کی گئی، جوچار روزہ شو کو چلانے کے لیے کافی تھی۔
فن لینڈ کی پاور کمپنی ’فورتم‘ کے مطابق 150 میگا واٹ کی بجلی نہ صرف ’ہورس شو‘ کے لیے کافی ہے بلکہ ہلسنکی کے گھروں کو گرم رکھنے کے کام بھی آ سکتی ہے۔
پاور کمپنی ’فورتم‘ نے پانچ سال پہلے ’ہارس پاور‘ نامی منصوبے کا آغاز کیا تھا۔
فورتم کمپنی کی اہلکار کرسٹا ہیلگرین نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’فن لینڈ میں بے شمار گھوڑے ہیں اور یقیناً اس سے کہیں زیادہ دنیا بھر میں ہیں، اگر تمام گھوڑوں کے فضلے کو توانائی پیدا کرنے کے کام میں لایا جا سکے تو بہت فائدہ مند ہو گا۔‘

گھوڑوں کے سو ٹن کے فضلے سے 150 میگا واٹ کی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ دو گھوڑوں کے فضلے سے اتنی مقدار میں انرجی پیدا کی جاسکتی ہے جو ایک فیملی کے گھر کو سال بھر کے لیے گرم رکھ سکتی ہے۔ جبکہ صرف 200 ملی لیٹر کی انرجی ایک فون کو چارج کرنے کے لیے کافی ہے۔
فن لینڈ کی ایک اور پاور کمپنی نے شہریوں کو ان کے پالتو جانوروں کا فضلہ کمپنی کو بھیجنے کا کہا ہے۔
ونتان انرجیا کی شروع کی گئی سٹکر اور آن لائن مہم میں پالتو کتوں کے مالکان سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے کتوں کے فضلے کو ’ایک نئی زندگی دیں۔‘ مہم جوؤں نے مالکان کو فضلہ کوڑے کے ڈبے میں پھینکنے کو کہا ہے جہاں سے پھر وہ پاور پلانٹ میں بھجوا دیا جاتا ہے۔
پاور کمپنی کا کہنا ہے کہ اگرچہ کتے کے فضلے کی مقدار گھروں کے ہزاروں ٹن کے کچرے کے مقابلے میں انتہائی کم ہے، لیکن کتے کے فضلے سے پیدا ہونے والی توانائی زیادہ مؤثر ہوتی ہے اور جلانے پر، یہ کم  سے کم کیمیائی اخراج پیدا کرتا ہے۔

پچاس کتوں کی نگرانی کرنے والی ماریان نے فضلے سے پیدا کرنے والی انرجی مہم کا خیر مقدم کیا۔ فوٹو اے ایف پی

مہم کا آغاز کرنے والی ’ونتان انرجیا‘ نے امید ظاہر کی کہ جانوروں کے فضلے سے توانائی پیدا کرنے سے اگلے دو سال میں کوئلے کا استعمال ختم ہو جائے گا۔
کتوں کی ٹرینر ماریان میئر نے فضلے سے پیدا ہونے والی انرجی مہم کا خیر مقدم کیا۔
ماریان میئر کا کہنا ہے کہ وہ پچاس کتوں کی نگرانی کرتی ہیں جن سے ہر ہفتے میں کافی مقدار میں فضلہ جمع ہو سکتا ہے، جو اگر پاور پلانٹ نہ بھجوایا جائے تو جنگلوں میں ضائع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’بالآخر کوئی تو ٹھوس اقدام لے رہا ہے۔۔۔ جو یقیناً مثبت ہے۔‘
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: