Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان سے نریندر مودی کی ملاقات، اہم مذاکرات

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اوربھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے۔
اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے ارکان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر گورنر ریاض بھی موجود تھے۔

شاہ سلمان نے نریندر مودی کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا ا ہتمام کیا۔فوٹو واس

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مذاکرات میں شاہ سلمان کی معاونت گورنرریاض شہزادہ فیصل بن بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سمیت دیگر سعودی حکام نے کی، جبکہ نریندر مودی کی معاونت کے لیے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سیکریٹری خارجہ وجے کیشو اور سعودی عرب میں متعین بھارتی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید اور کئی دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
بھارتی وزیراعظم نے شاہی خاندان کے افراد، وزراءاور عسکری شعبوں کے کمانڈروں سے مصافحہ کیا۔ نریندر مودی نے سعودی عرب کے دورے اور شاہ سلمان سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔
 شاہ سلمان نے بھارتی وزیراعظم اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا ا ہتمام کیا۔
بھارتی وزیراعظم سے ان کی رہائش پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے ملاقات کی۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں سعودی عرب اور بھارت کے درمیان تعاون کے مختلف پروگراموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد القصبی، سیکریٹری پیٹرولیم و گیس ڈاکٹر عابد السعدون ، سیکریٹری بین الاقوامی تعلقات و عالمی تعاون بندر السجان اور نئی دہلی میں سعودی سفیر ڈاکٹر سعود الساطی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں شاہ سلمان کی معاونت گورنر ریاض کررہے تھے۔ فوٹو واس

انڈین وزیر اعظم نریندر مودی سے متعدد سعودی وزراء نے ملاقاتیں کی ہیں جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔
سعودی پریس ایجنسی میں جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق مودی سے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان نے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم کی قیام گاہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر مثبت مذاکرات ہوئے۔

سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان زراعت اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری ہے (فوٹو: واس)

اسی طرح انڈین وزیر اعظم سے سعودی وزیر ماحولیات، زراعت اور پانی انجینئر عبد الرحمن الفضلی نے بھی ملاقات کی ہے اور ماحولیات کے علاوہ زراعت کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
نریندر مودی سے وزیر محنت و سماجی فروغ انجینئراحمد الراجحی نے بھی ملاقات کی ہے اور سعودی عرب میں انڈین محنت کشوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں