Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرامکو کے شیئرز فروخت کے لیے پیش، فی شیئر 32 ریال

آرامکو نے شیئر کی قیمت 30 سے 32 ریال کے درمیان رکھا ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ کمپنی کے ڈیڑھ فیصد حصص فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں جبکہ شیئر کی قیمت 30 سے 32  ریال کے درمیان ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آرامکو نے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ کمپنی کے کل سرمائے کا حجم 60 ارب ریال ہے جسے 200 ارب شیئرز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ حصص مارکیٹ میں صرف تین ارب شیئرز فروخت کیے جائیں گے۔
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
کمپنی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار لائسنس یافتہ اداروں کے توسط سے حصص خرید سکتے ہیں۔ کمپنی کی توجہ اس وقت سعودی عرب پر ہے جہاں کی مارکیٹ میں حصص فروخت کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مقامی بینکوں نے آرامکو کے حصص خریدنے کے خواہشمندوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیوٹی کے اوقات بڑھا کر شام 6 بجے تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آرامکو کے حصص خریدنے کے لیے کمپنی نے دو مراحل کا اعلان کیا ہے۔ کمپنیوں اور اداروں کے لیے حصص کی خریداری آج 17 نومبر سے چار دسمبر تک جاری رہے گی۔

کمپنی کے کل  200 ارب شیئرز میں سے صرف تین ارب شیئرز فروخت کیے جائیں گے۔ فوٹو: سبق

انفرادی طور پر کمپنی کے شیئرز کی خریداری کا آغاز بھی اتوار 17 نومبر سے ہو رہا ہے جو 28 نومبر تک جاری رہے گا۔ مذکورہ دورانیے میں کمپنی کے حصص خریدنے والے خود کو رجسٹر کرا سکتے ہیں۔
سعودی آرامکو کی جانب سے سعودی سٹاک ایکسچنج میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ویب سائٹ پر لائحہ عمل بھی پیش کیا گیا ہے جسے آرامکو کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب حکومتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ سٹاک مارکیٹ سے حصص خریدنے کے خواہشمند مقررہ لائسنس یافتہ اداروں سے رجوع کریں تاکہ کسی قسم کی دھوکے بازی کا شکار نہ ہوں۔
اس ضمن میں سعودی ٹیلی کمیونیکیشن "ایس ٹی سی" کی جانب سے مختصر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی لوگوں کو متنبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی بھی غیر لائسنس یافتہ کمپنی کے ساتھ معاملات کرنے سے اجتناب برتیں۔ 
خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا یا موبائل پر آنے والے ایسے کسی پیغام پر توجہ نہ دیں جس میں حصص کی خرید و فروخت کے بارے میں کہا گیا ہو۔
 واضح رہے مختلف لوگوں کو بیرون ملک سے ایسی ٹیلی فون کالز موصول ہو رہی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وہ آرامکو کے ذیلی ایجنٹ ہیں، حصص کی فروخت کے لیے ان سے رجوع کیا جائے۔ 
متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی آرامکو کے حصص کی خرید و فروخت کے لیے رجسٹرڈ کمپنیوں یا بینکوں سے رجوع کریں۔ 
 

شیئر: