Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احمد اور محمد سرجری کے بعد روبہ صحت

احمد کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔ فوٹو۔واس
لیبیا کے دو بچے احمد اور محمد کامیاب آپریشن کے بعد صحت مند ہو رہے ہیں۔
ریاض کے شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کے شاہ عبداللہ سپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال میں پانچ دن قبل پیدائشی طور پر آپس میں جڑے ہوئے لیبیا کے دو بچوں احمد اور محمد کو کامیاب آپریشن کے ذریعے علیحدہ کیا گیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان ہیومنیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے جنرل سپروائزر اور سرجیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا ہے کہ کامیاب آپریشن کے بعد دونوں بچے احمد اور محمد تیزی سے صحتمند ہو رہے ہیں۔ شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کے شاہ عبداللہ اسپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال میں گذشتہ جمعرات کو جڑواں بچوں کی سرجری کی گئی تھی۔

بچوں کے آپریشن کے لیے پانچ لاکھ لیبیائی دینار درکار تھے۔ فوٹو۔واس

ڈاکٹر الربیعہ کے مطابق احمد کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے اور وہ خود سانس لینے میں دشواری محسوس نہیں کر رہا اور دو دن بعد اسے دودھ پلانا شروع کر دیا جائے گا جبکہ توقع ہے کہ محمد کو بھی دو یا تین دن میں خود بخود سانس لینے کے قابل ہو جائے گا اور اسے وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا جائے گا۔

احمد اور محمد کے مختلف ٹیسٹ لیے گئے۔ فوٹو۔اردونیوز

ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا ہے کہ دونوں بچوں کو بدستور نگرانی کی ضرورت ابھی باقی ہے اسی وجہ سے ابھی انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہی رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل ٹیم کی جانب سے بچوں کے والدین کو مستقل طور پر بچوں کی تازہ ترین طبی حالت کے بارے میں باخبر رکھا جا رہا ہے اور اس توجہ پر والدین طبی عملے کے مشکور ہیں۔

والدین طبی عملے کے مشکور ہیں۔ فوٹو۔اردونیوز

گزشتہ ماہ کے آغاز میں لیبیا سے ان بچوں کو والدین کے ہمراہ سعودی عرب لایا گیا تھا جس کے بعد احمد اور محمد کے مختلف ٹیسٹ لیے گئے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بچوں کے آپریشن کے انتظام کے احکامات جاری کئے تھے، یہ بچے پیٹ اور نچلے دھڑ سے جڑے ہوئے تھے۔
 انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کیا گیا ہے۔
بچوں کے والد بشیر الجوینی نے بتایا کہ بچوں کے آپریشن کے لیے پانچ لاکھ لیبیائی دینار درکار تھے جو تین لاکھ بیس ہزار سعودی ریال بنتے ہیں، یہ خطیر رقم میری استطاعت سے باہر تھی۔
انسانی ہمدردی کی کئی تنظیموں سے رابطہ کرنے کے بعد سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز سے مثبت جواب موصول ہوا جو ہمارے لیے انتہائی خوشی کا لمحہ تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: