Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرو کیمیکل کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتیں 

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 251 لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔  فوٹو واس
سعودی عرب  بین الاقوامی کمپنیوں کو اپنے یہاں اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ اس حوالے سے سعودی جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی نے انٹرنیشنل پیٹروکیمیکل کمپنیوں کے ساتھ دو ارب ڈالر مالیت کی پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے (واس) کے مطابق سعودی عریبین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے گورنر ابراہیم  العمر نے مملکت میں انٹرنیشنل پیٹرو کیمیکل کی بڑی کمپنیوں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی عالمی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے امکانات سے روشناس کرایا گیا تھا۔ پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بڑی کامیابی ہے۔
العمر نے توجہ دلائی کہ پیٹروکیمیکل کا شعبہ اہم اسٹراٹیجک شعبہ ہے۔ اس سے سرمایہ کاروں کو غیر معمولی مواقع ملیں گے۔ اتھارٹی متعلقہ اداروں کے ساتھ ربط و ضبط پیدا کرکے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سعودی عرب لا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں سعودی مارکیٹ میں درکار  تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے اور ان کو سرمایہ کاری کا پرکشش ماحول مہیا کیا جارہا ہے۔
اتھارٹی نے ایک تو جرمن کمپنی بی اے ایس ایف کے ساتھ یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ یہ دنیا کی اہم پیٹرو کیمیکل کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس کے بموجب جبیل انڈسٹریل سٹی میں سپیشلسٹ کیمیکل مصنوعات کی فیکٹری قائم کی جائے گی۔
ایک مفاہمتی یادداشت فرانسیسی کمپنی ایس این ایف کے ساتھ طے کی گئی ہے۔ یہ پوری دنیا میں پی اے ایم مادہ تیار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی مانی جاتی ہے۔ یہ مادہ گیس، تیل، معدنیات اور واٹر ٹریٹمنٹ میں استعمال ہوتا ہے۔
 ایک مفاہمتی یادداشت جاپان کی متشوشی اینڈ کمپنی کے ساتھ طے پائی ہے۔ فریقین جبیل انڈسٹریل سٹی میں امونیا تیار کرنے والی فیکٹری قائم کریں گے۔ اس کی سالانہ پیداوار 10لاکھ ٹن ہوگی۔ پیداوار ماحول دوست انداز میں کی جائے گی۔ جاپانی کمپنی سپیشلسٹ کیمیکل مصنوعات تیار کرنے والی ایک اور فیکٹری بھی ڈالے گی۔
توانائی اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں سپیشلسٹ کمپنی شیل کے ساتھ بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس کے بموجب الجبیل انڈسٹریل سٹی میں ایک فیکٹری قائم کی جائے گی۔
ایک او رمفاہمتی یادداشت اے ایم جی او رشیل کے ساتھ طے پائی ہے۔ اس کے تحت اعلیٰ درجے کی معدنیات از سر نو نکالنے والی ایک فیکٹری قائم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ان دنوں سعودی عرب کے تمام شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کار زبردست دلچسپی لے رہے ہیں۔ سعودی انویسٹمنٹ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 251 لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ یہ 2018 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں                         
 

شیئر: