کینیڈا میں سکول اور گھر پر فائرنگ سے 10 ہلاک، ’حملہ آور خاتون تھی‘
کینیڈا میں ایک سکول اور گھر پر فائرنگ کے نتیجے 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں ’مشتبہ حملہ آور خاتون‘ بھی شامل ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وفاقی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ منگل کو ملک کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا کے شہر رِج ٹمبلر میں پیش آیا۔
وزیراعظم مارک کارنی نے واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔
رائل کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں ایک لاش بھی ملی ہے جس کے بارے میں پولیس کا خیال ہے کہ وہ حملہ آور کی ہے اور اس نے فائرنگ کے بعد خود کو گولی ماری۔
پولیس ترجمان کے مطابق 27 زخمی افراد میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
دوپہر کو ہونے والے واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا تھا کہ حملہ آور رج ٹمبلر سیکنڈری سکول یا قریبی علاقے میں موجود ہو سکتا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور سکول کی تلاشی لی، جہاں ابتدائی طور پر چھ افراد کی لاشیں ملیں اور ان میں مشتبہ حملہ آور موجود نہیں تھا۔
اسی طرح ایک زخمی ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں چل بسا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سکول کے اندر سٹاف کے لیے بنائی گئی رہائش گاہ سے بھی دو افراد کی لاشیں ملی ہیں اور خیال یہی کیا جا رہا ہے کہ ان کو بھی سکول میں فائرنگ کرنے والے نے ہی نشانہ بنایا۔
کینیڈا کے مقامی میڈیا میں یہ بھی رپورٹ ہو رہا ہے کہ حملہ آور خاتون تھی، تاہم کیپٹل پولیس کی جانب سے ممکنہ حملہ آور کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فائرنگ کے واقعے میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کے ڈسٹرکٹ کمانڈر کین فلوئڈ کا کہنا ہے کہ ’یہ یکدم سامنے آنے والی صورت حال ہے جس سے نمٹنے میں سکول میں موجود افراد اور مقامی لوگوں کے تعاون نے ہماری کارروائی میں اہم کردار ادا کیا۔ُ
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے شہر اور لوگوں کے لیے ایک مشکل اور ناقابل حد تک جذباتی دن ہے۔‘
خوفناک واقعے پر سخت صدمے میں ہوں: وزیراعظم
وزیراعظم مارک کارنی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہ اس پر سخت ’سخت صدمے‘ میں ہیں۔
میں ان لوگوں تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے تشدد کے اس خوفناک واقعے میں اپنے پیارے کھوئے ہیں۔ُ
ٹمبلر رج برٹش کولمبیا کے سب سے بڑے شہر وینکوور کے شمال کی طرف تقریباً ایک ہزار ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔