Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافر خاتون کو فرسٹ کلاس سے کمبل لینا مہنگا پڑ گیا

کمبل لینے کا معاملہ اتنا بڑھا کہ دیگر مسافر بھی اس میں شامل ہو گئے: فائل فوٹو
السعودیہ ایئر لائن کے ذریعے اندرون ملک سفر کرنے والی خاتون کو فرسٹ کلاس سے کمبل لینا مہنگا پڑ گیا۔ ایئر ہوسٹس کی جانب سے مسافر خاتون کے ساتھ بدتمیزی پر معاملہ بڑھ گیا اور اس کی وجہ سے فلائٹ غیر معمولی تاخیر کا شکار ہو گئی۔
متاثرہ خاتون نوال عبداللہ الزھرانی نے المدینہ اخبار کو بتایا کہ ’میں السعودیہ ایئر کی فلائٹ نمبر SV 707 کے ذریعے ریاض سے الباحہ اپنے 3 بچوں کے ہمراہ سفر کر رہی تھی۔
 پرواز کی روانگی سے قبل بیمار بیٹی کے لیے فرسٹ کلاس سے کمبل لیا تاکہ بیٹی جو کہ سردی سے کپکپا رہی تھی کے اوپر ڈال سکوں۔‘
خاتون کا کہنا تھا کہ جیسے ہی وہ کمبل لے کر فرسٹ کلاس  کے کیبن سے نکلی ایک ایئر ہوسٹس نے ان سے یہ کہتے ہوئے کمبل چھین لیا کہ آپ نے بغیر اجازت کمبل لیا ہے۔ 
ایئر ہوسٹس کی جانب سے بدتمیزی کی شکایت جہاز کے عملے سے کی گئی تو اس کے ارکان نے بھی ایئر ہوسٹس کاساتھ دیا اور انہیں فلائٹ سے اتر جانے کا کہا۔
خاتون نے مزید بتایا کہ ایئرہوسٹس کے رویے کی شکایت ایئر لائن کی انتظامیہ تک پہنچانے پر جہاز کے کیپٹن اور عملے کے ارکان نے شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر شکایت واپس نہ لی تو جہاز سے آف لوڈ کر دیا جائے گا۔
کمبل لینے کا معاملہ اتنا بڑھا کہ دیگر مسافر بھی اس میں شامل ہو گئے اور پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ محض کمبل لینے پر ایئر لائن کے عملے کو اس قسم کا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا۔ 

کمبل لینے کا معاملہ اتنا بڑھا کہ  پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ فوٹو ۔ اخبار 24

اس ضمن میں مقامی  اخبار المدینہ نے جب السعودیہ ایئر لائن کی افسر تعلقات عامہ سے رابطہ کیا تو وہاں سے جواب دیا گیا کہ واقعے کی وسیع سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون جب چاہیں ادارے سے رابطہ کر سکتی ہیں تاکہ ان کی شکایت کا ازالہ کیا جا سکے۔ 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: