Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

بچے کو فور ی طبی امداد دی گئی تا ہم سانس آنا بند ہو گئی۔ فوٹو ۔سی ٹی وی نیوز
السعودیہ ایئر لائن کی پرواز کو کینیڈا کے سینٹ جان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق السعودیہ کی یہ پرواز جدہ سے امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن جا رہی تھی۔ جہاز پر سوار ایک خاندان کے دوسالہ بچے کی طبیعت دوران پرواز اچانک بگڑ جانے پر پائلٹ نے یہ فیصلہ کیا۔ 
جدہ ائیرپورٹ سے جہاز میں سوارہونے والے ایک خاندان کے دوسالہ بچے کی حالت بگڑنے پر جہاز کو کینیڈا کی ریاست نیو برنسوک کے سینٹ جان ائیرپورٹ پر ہنگامی بنیادوں پر اتار لیا گیا۔
لینڈنگ سے قبل ائیرپورٹ انتظامیہ کو مطلع کر دیا گیا تھا جس کے باعث رن وے پر ایمبولینس موجود تھی۔ بچے کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی تا ہم ہسپتال منتقل کرنے سے قبل بچے کو سانس آنا بند ہو گئی تھی۔
ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے پریس ریلیز کے مطابق سعودی ائیرلائنز کے طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح 11.40پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی جس میں دوسالہ مسافر کی حالت انتہائی تشویشناک تھی تاہم ابتدائی طبی امداد کے باوجود بچہ جانبر نہ ہوسکا۔
ایئر پورٹ انتظامیہ اور مقامی پولیس کے مطابق دوسالہ بچے اور اس کے خاندان کی شناخت سے معذرت کی گئی ہے ۔
پولیس نے اس افسوسناک واقعے میں کسی مجرمانہ فعل کو خارج از امکان قراردیا ہے ۔

شیئر: