Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی، 12 ہزار سے زیادہ غیرقانونی تارکین کی بے دخلی

ایک ہفتے کے دوران مزید 17 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی مزید 17 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ 12 ہزار661 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق’ 11 سے 17 دسمبر کے درمیان مجموعی طور پر 11 ہزار190 افراد کو اقامہ قانون، 3 ہزار801 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 2 ہزار 889 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ۔‘
’غیرقانونی طور پرمملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار509 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، ان میں سے 55 فیصد ایتھوپین، 44 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں 40 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
 سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 15 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ 

واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔ 
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ  ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائداد کی ضبطی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

شیئر: