دبئی میں خود کو پولیس افسر ظاہر کرکے 6 لاکھ درہم ہتھیا لیے، عدالت کا رقم واپس کرنے کا حکم
مادی اور اخلاقی نقصان کی تلافی کےلیے 50 ہزار درہم ادا کرنے کی ہدایت کی گئی (فوٹو: وام)
دبئی کورٹ نے چھ لاکھ درہم واپس کرنے کا حکم دیا ہے جو پانچ افراد نے خود کو پولیس افسر ظاہر کرتے ہوئے ایک شْخص سے ہتھیا لیے تھے۔
عدات نے اپنے فیصلے میں مادی اور اخلاقی نقصان کی تلافی کےلیے مزید 50 ہزار درہم معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امارات الیوم کے مطابق متاثرہ شخص نے عدالت میں درخواست میں ہتھیائی گئی رقم، اس کا منافع، مادی اور اخلاقی نقصان کی تلافی کے لیے ڈیڑھ لاکھ درہم ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ واقعہ ایک تجارتی علاقے میں پیش آیا ملزمان نے متاثرہ شخص کو رات گئے ایک دفتر کے باہر روک کرعسکری شناختی کارڈ دکھایا اور خود کو تفیش کار ظاہر کرتے ہوئے تلاشی لی، موبائل، بنک کارڈ اور چھ لاکھ درہم سے بھرا بیگ قبضے میں لے لیا اور یہ کہہ کر وہاں سے چلے گئے کہ دوسری ٹیم آرہی ہے۔
رپورٹ درج ہونے کے بعد حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کیا اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کیا۔
فوجداری عدالت نے ہرایک ملزم کو چھ ماہ قید، جرمانے کی سزا سنائی اور امارات سے بے دخلی کا حکم دیا۔
