ریاض ایئرپورٹ میں دو سو پروازوں کی ری شیڈولنگ، مسافروں سے معذرت
’پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کی وجہ متعدد آپریشنل عوامل کا بیک وقت پیش آنا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت اور بے ترتیبی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔
ایئر پورٹ انتظامیہ نے مسافروں کے لئے قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وہ جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے ضابطے پر مکمل طور پر کاربند ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایئرپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ آپریشنل سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہوچکی ہیں۔
اس سلسلے میں فضائی کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ منسوخ شدہ اور ازسرِ نو شیڈول کی گئی پروازوں کے حوالے سے ہم آہنگی اور فالو اَپ کیا گیا ہے جن کی تعداد گزشتہ روز تقریباً 200 پروازیں رہی ہیں۔
ایئرپورٹ نے بتایا ہے کہ وہ تمام ایئرلائنز کے ساتھ مل کر انہیں ضروری تازہ ترین معلومات فراہم کر رہا ہے جن میں منسوخ شدہ پروازوں کے لئے سامان کی وصولی کے طریقۂ کار سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں۔
اس کے ساتھ تمام درستگی و اصلاحی اقدامات پر عمل درآمد اور اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے اطلاق پر زور دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی سلامتی اور فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید معلومات کے لئے ایئرپورٹ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسٹمر سروس کے مفت نمبر کے ذریعے رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی طرف سے جاری سابقہ بیان میں وضاحت کی گئی کہ بعض پروازوں کے شیڈول متاثر ہونے، پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کی وجہ گزشتہ دو دنوں کے دوران متعدد آپریشنل عوامل کا بیک وقت پیش آنا تھا جن میں دیگر ایئرپورٹس سے کچھ پروازوں کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب منتقل کیا جانا اور ایندھن کی فراہمی کے نظام میں طے شدہ دیکھ بھال کے کام شامل ہیں۔