Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکیوں نے 84 ارب ریال کے شئیرز خریدے

سعودی مارکیٹ میں 82 ارب ریال سے زیادہ خالص غیر ملکی سرمایہ آیا ہے۔۔ فائل فوٹو
سعودی کیپٹل اتھارٹی کے چیئرمین محمد القویز کے مطابق غیر ملکیوں نے گذشتہ 10ماہ کے دوران 84.218 ارب ریال کے سعودی شیئرز خریدے ہیں۔
 الوطن اخبار کے مطابق ریاض میں ایوان صنعت و تجارت کے زیر انتظام فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرامکو کمپنی نے سعودی مارکیٹ میں شیئر پیش کرکے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی سرمایہ لانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

آرامکو شیئرز کے بعد تداول دنیا کی 10بڑی حصص مارکیٹ کی فہرست میں شامل ہوگئی۔ فائل فوٹو

محمد القویز نے بتایا کہ 2019 کے آغاز سے 10ماہ کے دوران سعودی مارکیٹ میں 82ارب ریال سے زیادہ خالص غیر ملکی سرمایہ آیا ہے۔ اس سے سعودی کیپٹل اتھارٹی کی اہمیت اور غیر ملکیوں کی نظر میں اس پر اعتبار کا پتہ چلتا ہے۔
سعودی کیپٹل مارکیٹ کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر خالد الحصان نے بتایا کہ آرامکو نے اندرون مملکت اپنے شیئرز جاری کرکے تداول کو دنیا کی 10 بڑی شیئرز مارکیٹ کی فہرست میں شامل کرادیا ہے۔ 
فورم کا اہتمام ریاض ایوان صنعت و تجارت ، تداول اور کیپٹل اتھارٹی نے مل کر کیا تھا۔ فورم کا مقصد سعودی وژن 2030 کے مستقبل کے اہداف کی تکمیل ہے۔
ایوان تجارت میں کرنسی نوٹس کمیٹی کے چیئرمین محمد السایر نے کہا کہ تداول مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی سب سے بڑی حصص مارکیٹ بن گئی ہے۔ اس کا سرمایہ دو ٹریلین ریال کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اس میں 197کمپنیاں اندراج کرائے ہوئے ہیں۔
                             
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: