Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یو اے ای پاکستان کی مدد کرے گا‘

اماراتی سفیر نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد الزعبی نے یو اے ای کے 48 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات سرمایہ کاری، تعمیرات اور معاشی میدان میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔‘
اماراتی سفیر نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کے بطور مہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اسلام آباد میں یو اے ای کے سفارت خانے میں ہونے والی اس تقریب میں حماد اظہر کے علاوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، رحمان ملک اور مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔
اس موقعے پر متحدہ عرب امارات کے 48 ویں قومی دن کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

سفارتخانے میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی حماد اظہر تھے (فوٹو: پی آئی ڈی)

تقریب سے خطاب کے دوران حمد الزعبی نے کہا کہ ’اپنے دوسرے گھر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قومی دن کی تقریب کے موقعے پر میں تصدیق کرتا ہوں کہ یو اے ای کے 1971 میں وجود میں آنے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تاریخی تعلقات پروان چڑھ رہے ہیں۔‘
اماراتی سفیر کے مطابق ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی زیر نگرانی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات بڑھیں گے۔‘
متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے 2019 کو رواداری کے سال کے طور پر منانے کا اعلان اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ 200 سے زیادہ قومیتیں متحدہ عرب امارات میں رواداری کے اصولوں کی بنیاد پر باہمی احترام کی فضا میں رہ رہی ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: