Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھرو راٹھی اور ایک پاکستانی کی ملاقات: آپریشن سندور کیوں دوبارہ زیرِ بحث آ گیا؟

دھرو راٹھی کے یوٹیوب پر 30.8 ملین سبسکرائبرز ہیں (فوٹو: یوٹیوب)
معروف انڈین یوٹیوبر دھرو راٹھی کی دبئی میں پاکستانی ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹر ثوبان طارق کے ساتھ ملاقات سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ثوبان طارق کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دھرو راٹھی سے مصافحہ کرتے ہیں اور ان کے کام کی تعریف کرتے ہیں۔
ثوبان طارق انڈین یوٹیوبر سے کہتے ہیں کہ ’ہم آپ کی ساری ویڈیوز شوق سے دیکھتے ہیں، صرف ایک متنازع سوال پوچھنا چاہتا ہوں، آپریشن سندور کے بعد جو ویڈیو آپ نے بنائی تھی، میرے خیال میں وہ آپ نے جلدی میں بنائی تھی کیونکہ اس کے اندر آپ نے جتنے بھی حوالے دیے تھے وہ انڈین میڈیا کے تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اسی دوران آپ نے ایک ویڈیو بھی بنائی تھی جس میں آپ نے بتایا تھا کہ انڈین میڈیا کہہ رہا ہے کہ انڈیا نے کراچی کی بندرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے، تو کیا آپ نے یہ ویڈیو جلدی میں بنائی تھی؟‘
اس کے ردعمل میں دھرو راٹھی پہلے تو مسکرائے اور پھر کہا کہ ’میں انڈین میڈیا پر تنقید کرتا ہوں اور خاص طور پر نیوز چینلز کو تنیقد کا نشانہ بناتا ہوں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ جو اخباروں میں پرنٹ ہو رہا ہے وہ بھی غلط ہے۔‘
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین مختلف قسم کے تبصرے کر رہے ہیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ دھرو راٹھی پوچھے گئے سوال کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔
ثوبان طارق نے وائرل ویڈیو کے بعد بھی ایک دوسری ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے سب پاکستانیوں کی طرف سے وہ سوال پوچھا تھا لیکن وہ اس بات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔‘
وائرل ویڈیو پر بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ ثوبان طارق کو دھرو راٹھی سے سخت الفاظ میں بات کرنا چاہیے تھی۔ ان کے ردعمل میں ثوبان طارق کا کہنا تھا کہ ’بے شک وہ دشمن ملک کا بندہ ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں اس پر چڑھ دوڑں، تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے جو اس سے کہا جا سکتا تھا میں نے کہا۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والی محدود جنگ کے دوران بعض انڈین میڈیا چینلز نے کئی من گھڑت خبریں نشر کی تھیں۔
اس دوران کئی میڈیا ہاؤسز نے اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر پاکستانی شہروں پر قبضے کے دعوے بھی کیے تھے تاہم بعد ازاں یہ تمام دعوے بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے برعکس ثابت ہوئے۔

دھرو راٹھی کون ہیں؟

دھرو راٹھی انڈیا کے معروف یوٹیوبر، سوشل میڈیا انفلوئینسر اور سیاسی و سماجی تجزیہ کار ہیں جو سادہ اور مدلل انداز میں سیاسی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر ویڈیوز بنانے کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔
یوٹیوب پر ان کے 30.8 ملین سبسکرائبرز ہیں۔ انہوں نے یوٹیوب کے ذریعے خاص طور پر نوجوان طبقے میں مقبولیت حاصل کی جہاں وہ حقائق، اعداد و شمار اور وضاحت کے ساتھ پیچیدہ موضوعات کو عام فہم بناتے ہیں۔
دھرو راٹھی کی ویڈیوز اکثر انڈین سیاست، حکومتی پالیسیوں، جمہوریت، معیشت اور فیک نیوز کے موضوعات پر ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بڑی تعداد میں مداحوں کے ساتھ ساتھ تنقید کا بھی سامنا رہتا ہے۔

شیئر: