Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے امارات کو جی 20کا مہمان بنالیا

 شہزادہ محمد بن سلمان نے حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد ال مکتوم سے زعبیل محل میں ملاقات کی۔ فوٹو العربیہ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو امارات کے سرکاری دورے کا دوسرا دن بڑا مصروف گزارا۔ انہوں نے جمعرات کو امارات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا۔وہ امارات کے دورے پر بدھ کو ابوظبی پہنچے تھے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات مشترکہ ڈیجیٹل ای کرنسی جاری کریں گے۔ فوٹو العربیہ

 سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امارات کے نائب صدر و وزیراعظم و حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد ال مکتوم سے دبئی کے زعبیل محل میں ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی عرب اور امارات کے مضبوط تاریخی ، برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ دونوں ملکوں کے برادر عوام کے رشتوں کی یادیں تازہ کیں اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے ابھرتے ہوئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
 شیخ محمد بن راشد نے شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزازمیں شاندار ظہرانہ دیا۔
امارات کے نائب صدر نے ٹویٹ کیا کہ ’تاریخ بہادر لوگ بناتے ہیں، آج خطے کی تاریخ محمد بن سلمان کی وجہ سے بدل رہی ہے‘۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا کہ ان کا ملک اسٹراٹیجک تعلق کو عروج تک پہنچانے کے لیے سعودی عرب کے قدم سے قدم ملا کر چلتا رہے گا۔ سعودی عرب اور امارات کے تعلقات ، قرابت اور مشترکہ انجام کے ہیں۔ دونوں ملک سیاسی، اقتصادی، عسکری اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب اور امارات سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ فوٹو العربیہ

سعودی ولی عہد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے تعلقات بیحد مضبوط ہیں۔ 2020ءکارناموں کا سال ثابت ہوگا۔ سعودی عرب جی ٹوئنٹی کی قیادت کرے گا اور متحدہ عرب امارات ایکسپو 2020 کا میزبان ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ملک بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے ایکسپو 2020دبئی کا دورہ کیا۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم، مشیر قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید آل نہیان، ایکسپو استقبالیہ کے سربراہ شیخ احمد بن سعید آل مکتوم اور دفتر خارجہ میں بین الاقوامی تعاون امور کی وزیر ریم الھاشمی نے ایکسپو پہنچنے پر انہیں خوش آمدید کہا۔
سعودی ولی عہد نے (الوصل) گنبد دیکھا۔ انہیں ایکسپو 2020 کے ماڈل کی بابت بریف کیا گیا۔ ایکسپو میں اماراتی پویلین کا بھی تعارف کرایا گیا۔

دونوں ملک ای کرنسی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔فوٹو العربیہ

سعودی ولی عہد اور دبئی کے ولی عہد ایکسپو 2020دبئی میں سعودی پویلین بھی گئے۔ انہیں اس کے مختلف شعبوں سے متعارف کرایا گیا۔ اختتام پر یادگاری تصاویر بنائی گئیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے امارات کو آئندہ برس جی ٹوئنٹی میںمہمان بنالیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سعودی عرب نے برادر ملک امارات کو اپنے یہاں آئندہ برس جی ٹوئنٹی میں اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے طے کیا ہے کہ وہ مشترکہ ڈیجیٹل ای کرنسی جاری کریں گے۔ ڈیجیٹل ای کرنسی سے دونوں ملکوں کے سینٹرل بینک لین دین کریں گے۔ بعض کمرشل بینکوں کو بھی اس میں شامل کیاجائے گا۔ اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اس کا تجربہ کیا جائے گا۔ مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی کے اجرا کے تقاضے سمجھے جائیں گے اور اس سے متعلق خصوصی عملہ تیار کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات ایکسپو 2020 کا میزبان ہے۔ فوٹو العربیہ


شہزادہ محمد بن سلمان نے امارات کو آئندہ برس جی ٹوئنٹی میں مہمان بنالیا۔فوٹو العربیہ

امارات اور سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے متعلقہ ادارے سائبر حملوں سے بچاﺅ ، حملوں کے نقصانات میں تخفیف کے لیے تجربات اور معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
                       
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: