Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں کو دیے گئے کھانے میں مردہ چوہا

ضلعی حکام نے ’مڈ ڈے میل‘ فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا کے سکولوں میں سرکاری کھانے 'مڈ ڈے میل' میں بے ضابطگی اور غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس میں بچوں کے دیے جانے والے کھانے میں مردہ چوہا پایا گيا ہے۔
انڈین خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت دہلی سے تقریبا دو سو کلومیٹر کے فاصلے پر ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر کے ایک سکول میں پیش آیا جس کی وجہ سے مصطفیٰ آباد کے جنتا انٹر کالج کے آٹھ طلبا اور ایک استاد بیمار ہوگئے جنھیں ہسپتال میں داخل کرانا پڑا۔
ضلعی حکام نے پولیس کو ’مڈ ڈے میل‘ فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ اضافی ضلع مجسٹریٹ امیت کمار سنگھ نے کہا کہ 'ایک بچے کی پیالی میں مردہ چوہا ملا۔ ہر چند کہ کسی نے بھی وہ کھانا نہیں کھایا لیکن آٹھ بچے اور ایک ٹیچر بیمار ہو گئے اور انھیں ہسپتال میں داخل کیا گیا۔'
سکول کے دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ مردہ چوہے کو دیکھ کر ان بچوں کو قے آنا شروع ہو گئی۔
امیت کمار نے کہا کہ اس کے متعلق تحقیقات  کا حکم دے دیا گیا ہے اور یہ کہ اس غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہاپوڑ کے ایک غیر سرکاری ادارے جن کلیان سمیتی نے سکول کو مڈ ڈے میل سپلائی کیا تھا۔
گذشتہ ہفتے مڈ ڈے میل کے تعلق سے دودھ میں پانی ملانے کے بجائے پانی میں دودھ ملانے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ یہ واقعہ بھی ریاست اتر پردیش کا تھا جہاں ایک بالٹی پانی میں ایک لیٹر دودھ ملاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور پانی اور دودھ کے اس محلول کو 81 بچوں کو دیا جانا تھا۔ اس سلسلے میں ایک ٹیچر کو معطل کردیا گیا ہے۔
رواں سال اکتوبر میں اترپردیش ہی کے سیتاپور ضلعے میں دال کے بجائے ہلدی اور پانی کے محلول دیے جانے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ سکول انتظامیہ نے صحافی پر غلط خبر پھیلانے کا الزام لگایا تھا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صحافی کے خلاف کارروائی کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔

مڈ ڈے میل سرکاری سکولوں میں بچوں کو لانے کی غرض سے چلائی جانے والی مہم ہے جس کے تحت سکول میں  بچوں کو دوپہر کا کھانا فراہم کرایا جاتا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس کے علاوہ دو ماہ قبل ریاست اترپردیش کے مرزا پور ضلعے میں بچوں کو مڈ ڈے میل کے نام پر سالن کی جگہ روٹی کے ساتھ نمک دیا گیا تھا۔ انڈیا میں انسانی حقوق کی کمیشن نے مرزاپور کے واقعے پر اترپردیش کے چیف سیکریٹری کو نوٹس روانہ کیا تھا جس کے بعد دو اساتذہ کو معطل کر دیا گیا۔
لیکن اس سے قبل جس صحافی نے نمک روٹی کی ویڈیو ریکارڈ کیا تھا ضلعی انتظامیہ نے اسکے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا۔
انڈیا میں مڈ ڈے میل سرکاری سکولوں میں بچوں کو لانے کی غرض سے چلائی جانے والی مہم ہے جس کے تحت سکول میں ہی بچوں کو وقفے کے دوران دوپہر کا کھانا فراہم کرایا جاتا ہے لیکن اس میں بدعنوانی کی شکایتیں عام ہیں۔

شیئر: