Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں پہلا بصری عجائب گھر

عجائب گھر کا افتتاح 2020 کے شروع میں متو قع ہے۔ فوٹو: الوطن اخبار
 سعودی عرب آنے والوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اسلامی تاریخ کی پہلی ریاست ’مدینہ منورہ‘ کے خدوخال سے آگاہی بھی حاصل کریں۔
الوطن اخبار کے مطابق سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں پہلا بصری عجائب گھر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہوگا جس کی تیاریاں جاری ہیں۔
مدینہ منورہ کے پہلے بصری عجائب گھر میں سیرت طیبہ اور مسجد نبوی کی کہانی نئے انداز سے پیش کی جائے گی۔ اس کا عنوان ’شنیدہ کے بود مانند دیدہ‘ (سنا ہوا دیکھے ہوئے کی مانند کیسے ہوسکتا ہے) ہو گا۔
عجائب گھر کا افتتاح 2020 کے شروع میں متوقع ہے۔ ابتدا میں سیرت طیبہ کے واقعات پر مشتمل آٹھ فلمیں پیش کی جائیں گی۔

ابتدا میں سیرت طیبہ کے واقعات پر مشتمل آٹھ فلمیں پیش کی جائیں گی۔ فوٹو: الوطن اخبار

 یہ منصوبہ سیاحت اور ثقافت کے حوالے سے سعودی وژن 2030 کے تصور کی تکمیل ہوگی۔
بصری عجائب گھر پروجیکٹ کے چیئرمین احمد الجریشی کے مطابق ’یہ اپنی نوعیت کا پہلا عجائب گھر ہوگا۔ سینما سکرین کے ذریعے تھری ڈی ٹیکنالوجی اور ڈی ایٹ ساﺅنڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے آٹھ زبانوں میں سیرت طیبہ کے مناظر زائرین کو دکھائے جائیں گے۔‘
’اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ مسلم دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی زبانوں کا انتخاب کیا جائے۔‘

بصری عجائب گھر میں خاص کیا

 بصری عجائب گھر میں ’مقام کا قصہ‘ خاص انداز میں پیش کیا جائے گا۔ سیرت طیبہ کے ماہرین کی مدد سے اس کے مضامین کا انتخاب ہوگا۔ نظر ثانی سیرت طیبہ کے سکالرز کے ذریعے کرائی جائے گی۔
احمد الجریشی کے مطابق ’کوشش کی جائے گی کہ عجائب گھر میں پیش کی جانے والی تاریخ  بے حد مستند ہو اور کسی بھی طرح کے اختلاف سے بالا تر ہو۔ مضامین ایسے ہوں جن سے زائرین فیض یاب ہوسکیں۔‘
عجائب گھر مسجد نبوی شریف کے قریب قائم کیا جائے گا تاکہ زائرین پیدل آئیں اور واپس جا سکیں۔ 
احمد الجریشی نے بتایا ’ابتدائی فیصلے کے مطابق عربی، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، ہندی، اردو، ملیشیائی اور انڈونیشی زبانوں میں تمام مضامین پیش کیے جائیں گے۔‘
‘بصری عجائب گھر عمرہ، حج اور مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے آنے والوں کے ساتھ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے بھی ہوگا۔‘
اس میں سیرت طیبہ کے موضوعات کا اسلوب پرکشش ہو گا۔ زائرین کو احساس ہوگا کہ مدینہ منورہ میں حیات طیبہ کا یہی انداز رہا ہو گا۔
زائرین اسلام کے ابتدائی دور کی تاریخ اور مدینہ منورہ میں پیش آنے والے واقعات کا مشاہدہ کرسکیں گے۔

شیئر: