ریاض: غیر ملکی فنکاروں پر حملہ کرنے والے کو سزائے موت
اتوار 29 دسمبر 2019 16:03
حملے میں چار افراد زخمی ہوئے تھے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی ایک عدالت نے دارالحکومت ریاض میں ہسپانوی تھیٹر کے فنکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے والے یمنی باشندے کو سزائے موت سنائی ہے۔
عرب نیوز نے سعودی عرب کے ٹیلی ویژن الاخباریہ کے حوالے سے عدالتی فیصلے کی خبر شائع کی ہے۔
ریاض سیزن کے سلسلے میں گذشتہ ماہ ہونے والے ہسپانوی تھیٹر کے ایک شو میں فنکاروں کی پرفارمنس کے دوران یمن کے ایک باشندے نے چاقو سے حملہ کیا تھا جس میں چار افراد زخمی ہوئے تھے۔ الزام ثابت ہو جانے پر عدالت نے ملزم کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔
ریاض کے ملاز ڈسٹرکٹ کے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز پارک میں11 نومبر کو ہونے والے ایک سٹیج شو میں ہسپانوی فنکار براہ راست پرفارم کر رہے تھے کہ 33 سالہ یمنی باشندے نے چاقو کے ساتھ اچانک حملہ کر دیا تھا۔
پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا تھا جبکہ اس کے قبضے سے حملے میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کیا گیا تھا۔ عدالت نے یمنی باشندے کے ایک ساتھی کو 12 سال اور چھ ماہ قید کی سزا بھی سنائی ہے۔ مجرموں کا تعلق عسکریت پسند گروپ القاعدہ سے تھا۔
-
سعودی عرب کی خبریں جاننے کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں