Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت تجارت کا تاجروں کو انتباہ 

چیزوں کے نرخ واٹ کے ساتھ درج کرنا لازمی ہے ۔ فوٹو ،سوشل میڈیا
سعودی عرب میں وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے تاجروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ تمام اصناف تجارت  پر واضح انداز میں نرخ نامے درج کریں جن میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس( واٹ) شامل ہونا ضروری ہے۔صرف چیزوں کے نرخ درج کرنا کافی نہیں ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
وزارت تجارت کے ترجمان سے دریافت کیاگیا کہ دکانوں اور تجارتی مراکز میں رکھی جانے والی اشیاء پر درج نرخوں میں 5 فیصد واٹ   شامل کرنا ضروری ہے یا صرف چیزوں کی قیمت درج کرنا کافی ہو گا ۔

وزارت تجارت کی ٹیمیں واٹ کا اندراج نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرتی ہیں ۔ فوٹو ۔ سی این این 

سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت تجارت کیجانب سے کہا گیا کہ قانون کے مطابق تاجروں کو چاہئے کہ وہ اپنی دکان یا تجارتی مراکزمیں فروخت کی جانے والی اشیاء کے نرخ اس طرح درج کریں کہ ان میں 5 فیصد واٹ بھی شامل ہو۔
وزارت تجارت کی جانب سے صارفین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگر مذکورہ خلاف ورزی ہوتی ہوئی دیکھیں تو اس کے بارے میں وزارت تجارت کی ایپ پر مطلع کرتے ہوئے اس دکان یا تجارتی مرکز کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ کریں تاکہ ایسے تاجروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکے ۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں تمام اشیاء پر 5 فیصد ویلیو  ایڈڈ ٹیکس عائد کرنے کا قانون یکم جنوری 2018 سے شروع کیا گیا ۔ واٹ کا نفاد مرحلہ وار کیا گیا تھا ۔

مملکت میں 5 فیصد واٹ کا نظام یکم جنوری 2018سے کیا گیا تھا ۔ فوٹو ۔ سبق

اس حوالے سے تمام تاجروں کو اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ مذکورہ ٹیکس ادا کریں ۔5 فیصد ٹیکس سامان تجارت اور سروسز پر بھی عائد کیا گیا ہے ۔
ٹیکس گوشوارے بھی متعلقہ ادارے میں جمع کرانے لازمی ہیں جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کی حکومتی سروسز سیز کر دی  جاتی ہیں جبکہ وہ ادارے جو واٹ ادا کرنے کے پابند ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے صارفین کودی جانے والی رسید میں ادارہ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری کیاجانے والا واٹ سیریل نمبر بھی درج کریں ۔
جو ادارے یا دکاندار واٹ رجسٹریشن کے بغیر صارفین سے واٹ وصول کرتے ہیں انکے خلاف وزارت تجارت کی جانب سے سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔ 

شیئر: