Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن کیا ہے؟

 جدہ کو جدید تربنانے کے لیے نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن کا منصوبہ نافذ کیاجائے گا۔ فوٹو العربیہ
جدہ سعودی عرب کا بین الاقوامی شہر ہے۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ اسے مختلف ناموں سے جانا پہچانا جاتا ہے۔ بعض لوگ اسے بحر احمرکی دلہن (عروس البحر الاحمر) اور لاکھوں کروڑوں لوگ اسے الحرمین گیٹ (باب الحرمین) کے نام سے پکارتے ہیں۔ جدہ کو جدید تر اور حسین تر بنانے کے لیے نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن کا منصوبہ نافذ کیاجائے گا۔

اس منصوبے کی بدولت سعودی وژن 2030کا ایک اہم ہدف پورا ہوگا۔ فائل فوٹو

العربیہ نیٹ کے مطابق نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن پروجیکٹ کی مجلس انتظامیہ نے انجینیئر عمر الزہرانی کو اس کا عارضی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ممکن ہے انہیں مستقل بنیادوں پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بنادیا جائے۔
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے جدہ کورنیش کے سینٹر میں ’واٹر فرنٹ‘ جدید خطوط پر استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسکا مقصد نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن بنانا ہے۔ جس سے یہ پورا علاقہ منفرد قسم کا تجارتی، رہائشی اور سیاحتی مرکز بن جائے گا۔
نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن جدہ شہر کو منفرد اور پرکشش ماحول بخشے گا۔ اسے دنیا کے سو بہترین شہروں کی فہرست میں شامل کرایا جائے گا۔ یہاں لاکھوں سیاح ، مقامی باشندے ، زائرین اور تارکین وطن مارکیٹنگ، سیر و تفریح اور دماغ کو تروتازہ کرنے کے لیے پہنچا کریں گے۔
نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن کا مجموعی تعمیراتی رقبہ 50لاکھ مربع میٹر سے زیادہ کا ہوگا۔ یہاں 58ہزار سے زیادہ افراد کی گنجائش ہوگی۔ پروجیکٹ متعدد علاقوں میں منقسم ہوگا۔ ایک حصہ رہائش کے لیے مخصوص ہوگا جہاں بارہ ہزار سے زیادہ مکانات بنائے جائیں گے۔ یہ کل پروجیکٹ کا 42فیصد ہوگا۔ علاوہ ازیں تفریحات اور ریٹیل کے کاروبار کے علاقے بھی ہوں گے جو پروجیکٹ کا 35فیصد ہوں گے جبکہ دفاتر کے لیے بارہ فیصد حصہ مختص کیا جائے گا۔ پروجیکٹ کا گیارہ فیصد حصہ ہوٹلوں ، ریستورانوں اور ضیافت کے لیے مختص ہوگا۔
نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن میں عجائب گھر ، ثقافتی و سماجی سرگرمیوں کے مراکز، کاروباری مراکز، پارک، تفریحی مقامات ، اسپورٹس، ساحل ،سی اسپورٹس، کشتیوں اور بوٹس کے لیے الگ الگ جگہیں ہوں گی۔ اس کے پہلے مرحلے کا افتتاح 2022ءکی آخری سہ ماہی میں ہوگا۔
اس پروجیکٹ پر 18ارب ریال لگائے جائیں گے۔ منصوبہ 10برس میں مکمل ہوگا۔ اس کی بدولت 36ہزار سے زیادہ افراد کو روزگار ملے گا۔ اس منصوبے کی بدولت سعودی وژن 2030کا ایک اہم ہدف پورا ہوگا۔ وژن کا بڑا ہدف یہ ہے کہ سیاحتی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرکے عالمی معیار کی سیاحت کے مواقع مہیا کیے جائیں۔ نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن سے یہ ہدف حاصل ہوگا۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: