اہل حائل اسے ’القریشیات‘ کے نام سے بھی یاد کرتے ہیں، فوٹو: المدینہ
حائل سعودی عرب کے 13صوبوں میں سے ایک ہے جہاں کی روایتی دستی مصنوعات پورے ملک میں مشہور ہیں۔ خلیجی ممالک میں بھی حائل کی مصنوعات کافی مقبول ہیں جن میں سے قہوے کی کیتلی حائل ریجن کی پہچان سمجھی جاتی ہے۔ اس کی صنعت یہاں 100 برس سے زیادہ عرصے سے قائم ہے۔
المدینہ اورعکاظ اخبارات کے مطابق عربی قہوے کے لیے حائل کی کیتلی جسے ’الدلال‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، منفرد ہے۔ یہ خام پیتل سے تیار ہوتی ہے اور مختلف حجم اور شکل و صورت کی بنائی جاتی ہے۔
حائل میں عربی قہوے کی کیتلی مقامی باشندوں کی سخاوت اور فیاضانہ ضیافت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اہل حائل اسے ’القریشیات‘ کے نام سے بھی یاد کرتے ہیں۔
2019 کے دوران حائل سیزن کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں نے عربی قہوے کی یہ کیتلی خریدنے میں بڑی دلچسپی ظاہر کی۔
لکڑی کے صندوق اور خوشبو کے’ مبخرے‘ اور لکڑی اور پیتل کی دستی مصنوعات کو بھی بہت پسند کیا گیا۔
الوطن اخبار کے مطابق ٹورسٹ گائیڈ عبدالعزیز العباس کا کہنا ہے کہ’حائل کے باشندوں کے یہاں قہوے کی کیتلی جسے ’دلہ‘ بھی کہا جاتا ہے اور خوشبو کے لیے مبخرہ غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہاں تقریبات، شاہراہوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر جہاں قومی گیت اور گانے شوق و ذوق سے گائے جاتے ہیں وہیں عربی قہوہ اور خوشبو بکھیرنے کے لیے حائل کی قہوے کی کیتلی اور مبخرے کی موجودگی ناگزیر ہوتی ہے۔‘
خلیجی ممالک سے سیر و سیاحت کے لیے آنے والے حائل سے عربی قہوے کی کیتلی اور خوشبو کے لیے مبخرہ ضرور خریدتے ہیں۔