Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میلے میں موجود قدیم جیپ کی کہانی کیا ہے ؟

جیپ کو محکمہ انسداد منشیات نے سگریٹ اسمگل کرنے کی وجہ سے اپنی تحویل میں لیا تھا ۔ فوٹو ، سبق نیوز
حائل ریجن میں جاری ثقافتی میلے میں قدیم محل ' قصر القشلہ ' کے صدر دروازے پر کھڑی کی گئی 1948 ماڈل کی برطانوی ساختہ لینڈ روور جیپ  لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔
قدیم جیپ کے بارے میں وہاں آنے والے یہ دریافت کر رہے ہیں کہ جیب میلے میں کیوں لائی گئی اس کی کہانی کیا ہے ؟اس حوالے سے مقامی نیوز ویب سائٹ 'سبق ' نے جب حائل ریجن کے محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر عبدالرحمان الرشیدی سے دریافت کیا  تو انہو ںنے جیپ کے بارے میں عجیب و غریب انکشافات کیے ۔
الرشیدی نے بتایا کہ ' جیپ اور اسکے ڈرائیور کو 1955 میں سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر سگریٹ اسمگل کرنے کے الزام حراست میں لیا گیا تھا ، جیپ کا ڈرائیور کویت سے بڑی مقدار میں سگریٹ اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار ہوا تھا جس کے بعد جیپ کو محکمہ انسداد منشیات نے محکمہ کسٹم کی تحویل میں دے دیا تھا ' ۔
  ' ماضی میں جس وقت مذکورہ جیپ کو محکمہ کسٹم کی تحویل میں دیا گیا تھا اس وقت مملکت میں سگریٹ کی درآمد ممنوعہ اشیاء میں شامل تھی محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے سگریٹ لانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی تھیـ' ۔
محکمہ کے ڈائریکٹر الرشیدی نے مزید بتایاکہ ' 1948 ماڈل کی برطانوی ساختہ لینڈ روور جیپ اپنے دور کی مشہور گاڑی مانی جاتی تھی جس کی خاصیت یہ تھی کہ اس کے ذریعے غیر ہموار اور پہاڑی علاقوں کا سفر بسہولت کیا جاسکتا تھا ، لینڈ روور جیپ انتہائی طاقتور تھی جسے بیرون ملک سفر کرنے والے خصوصی طور پر استعمال کیا کرتے تھے '۔
واضح رہے حائل کے محل 'قصر القشلہ ' جہاں ثقافتی میلہ منعقد کیا گیا ہے وہاں صدر دروازے پر ایک سبز رنگ کی قدیم جیپ کو مخصوص پلیٹ فارم بنا کر سجایا گیا ہے ۔ میلے میں آنے والے جیپ کی کہانی دریافت کرکے اس کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوا رہے ہیں ۔ 
حائل میلہ 22 دسمبر 2019کو شروع ہوا تھا جو10 فروری 2020 تک جاری رہے گا ۔ میلے میں مختلف تفریحی پروگرام پیش کیے جارہے ہیں جسے دیکھنے کے لیے دوردور سے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں ۔ 

شیئر: