Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی:ہسپتال میں آتشزدگی سے نومولود ہلاک

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں انکیوبیٹر میں آگ بھڑک اٹھی (فوٹو:اے ایف پی)
کراچی میں واقع بچوں کے ہسپتال نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک نومولود بچی جل کر ہلاک ہوگئی ہے۔
جمعرات کو این آئی سی ایچ کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ایک انکیوبیٹر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک نوزائیدہ بچی جھلس کر دم توڑ گئی۔
این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر جمال رضا نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آئی سی یو میں آتشزدگی ایک افسوسناک قدرتی حادثہ تھا، ہلاک ہونے والی بچی کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔‘
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا اس وقت آئی سی یو میں 20 سے زائد انتہائی علیل بچے زیر علاج تھے جنہیں بروقت کارروائی کر کے بچا لیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے بیان کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے نومولود بچی کی ہلاکت کے حوالے سے پولیس کو بروقت آگاہ نہیں کیا، میڈیا اور دیگر ذرائع سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس جائے حادثہ پر پہنچی۔
شیراز نذیر کا کہنا ہے کہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ہلاک ہونے والی بچی کے والدین سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ورثاء اگر قانونی کارروائی چاہتے ہیں تو پولیس ضرور کارروائی کرے گی۔
پچھلے ہفتے جمعرات کی شب جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ میں قائم بچوں کی نرسری میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک انکیوبیٹر، الیکٹریکل آلات اور ہسپتال کا دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔
جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گائنی آئی سی یو میں لگی تھی تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ این آئی سی ایچ سے متصل قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آچکا ہے جس میں لوگوں کو سنارکل کے ذریعے کھڑکی توڑ کر عمارت سے باحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔  فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے بروقت کارروائی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ 

شیئر: