Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیندوے کو مارنے پر کارروائی کا مطالبہ

محکمہ وائلڈ لائف کی تھانے میں دی گئی درخواست کے مطابق تیندوے نے کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچایا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں مقامی لوگوں نے آبادی کی طرف نکل آنے والے تیندوے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جس کے خلاف محکمہ وائلڈ لائف نے پولیس کو کارروائی کی درخواست دی ہے۔
سوات کی تحصیل مٹہ کے پولیس سٹیشن کے کانسٹیبل حضرت عثمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ منگل کو محکمہ وائلڈ لائف کے افسران ایک گاڑی میں مرے ہوئے تیندوے کو لے کر آئے اور تحریری درخواست دی کہ سربانڈہ کے مقامی افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سربانڈہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کا آبائی گاؤں ہے۔
کانسٹیبل حضرت عثمان کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کے ڈپٹی رینجر عبدالجبار خان نے درخواست میں کہا ہے کہ سربانڈہ کے رہائشیوں ابدالی اور لال محمد نے تیندوے کو گولیاں مار کر ہلاک کیا۔
مقامی صحافی رفیع اللہ نے بتایا کہ علاقے میں دو تیندوے دیر کے جنگلات سے آئے تھے اور گاؤں کے رہائشیوں نے خطرہ بھانپتے ہوئے ایک کو ہلاک کیا جبکہ دوسرا پہاڑی علاقے کی طرف واپس چلا گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کی تھانے میں دی گئی درخواست کے مطابق تیندوے نے کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچایا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر اور سوات کے پہاڑوں پر موسم سرما کی برفباری جاری ہے۔
خیال رہے کہ تیندوے کی نسل دنیا میں معدومی کے خطرے سے دوچار ہے۔

شیئر: