Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایبٹ آباد میں چیتے کو مقامی افراد نے ہلاک کر دیا

گھر والوں نے اپنا دفاع کرتے ہوئے چیتے پر گولی چلا دی۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے گاؤں کڑچ میں جنگل سے آنے والے چیتے نے پالتو جانور ہلاک کیے جس سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ وائلڈ لائف کی ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی چیتے کو گولی مار دی گئی۔ 
مقامی افراد کے مطابق پیر کو رات گئے چیتا چن زیب نامی شخص کے گھر میں گھسا جہاں اس کے حملے میں ایک پالتو کتا ہلاک جبکہ تین بکریاں زخمی ہو گئیں۔
کڑچ گاؤں کے رہائشی عارف حسین نے اردو نیوز کو بتایا کہ چیتے نے گھر میں گھس کر بکریوں کو زخمی جبکہ پالتو کتے کو مار دیا۔ بچے پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد اس پر گولی چلائی گئی۔
عارف حسین کے مطابق مقامی لوگوں نے متعدد بار چیتے کو علاقے میں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیتے اس سے قبل بھی پالتوں جانوروں کو نقصان پہنچا چکے ہیں۔
ان کے مطابق کڑچ گاؤں تقریباً 300 گھروں پر مشتمل ہے۔
ضلع ایبٹ آباد وائلڈ لائف کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر افتخار اعوان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کو رات 11 بجے مقامی افراد کی جانب سے چیتے کے گھر میں گھسنے کی اطلاع ملی۔ ’محکمہ وائیلڈ لائف کی ٹیم جب وہاں پہنچی تو چیتے کی ہلاکت ہو چکی تھی۔‘
 انہوں نے بتایا کہ چیتے کے گھر میں گھسنے کی وجہ سے وہاں موجود افراد کی زندگی کو خطرہ تھا اس لیے ان لوگوں نے اپنا دفاع کرتے ہوئے چیتے پر گولی چلا دی۔
افتخار اعوان نے بتایا کہ چیتے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پشاور بھیج دی گئی ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ چیتا مقامی آبادی کی جانب کیسے نکل آیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع ایبٹ آباد کے نواحی علاقے ملکوٹ میں بھی ایک چیتا آبادی میں آ گیا تھا جس کو مقامی افراد نے زخمی کر دیا تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے چیتے کو طبی امداد دی تاہم اس کی جان نہ بچائی جا سکی۔
وائلڈ لائف آفیسر افتخار اعوان کے مطابق 2006 سے اب تک چیتوں کے مقامی آبادی میں گھسنے اور حملہ کرنے کے مختلف واقعات میں 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں