Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈارکایورپی یونین کی نائب صدر سےرابطہ، ایران کے معاملے پر مذاکرات کی اہمیت پر زور

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق اور یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس کے درمیان جمعے کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کی تصدیق دفتر خارجہ نے کی۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران میں بدامنی کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور یورپی ممالک ایران میں مظاہروں کے خلاف حکومتی کارروائی اور مجموعی سلامتی کے خدشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بات چیت اور رابطے کی اہمیت کو دہرایا، جبکہ دونوں فریقین نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اسحاق ڈار اور کاجا کالاس نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں موجود مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر گفتگو کی۔
یورپی حکومتوں نے حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے حکومت مخالف مظاہروں کو دبانے کے لیے کیے جانے والے کریک ڈاؤن کی مذمت کی ہے۔ یہ مظاہرے گزشتہ ماہ مہنگائی کے خلاف شروع ہوئے تھے جو بعد میں ملک گیر احتجاج میں تبدیل ہو گئے۔
جمعے کے روز یورپی یونین کے ہوابازی کے ادارے نے ایئرلائنز کو ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

 

شیئر: