Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران میں مستحق افراد کے لیے مفت روٹی

فلاحی کاموں کے لیے سبقت لے جانے کا رجحان یہاں عام ہے۔ فوٹو: الوطن
 سعودی عرب میں ایسے افراد کی کمی نہیں جو دوسروں کا درد بھی رکھتے ہیں۔ حکومتی سطح پر بھی انسانیت کی خدمت کے لیے بلا تفریق فلاحی امور انجام دیے جاتے ہیں۔ 
 عرب معاشرے میں انفرادی طور پر بھی ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے لیے لوگ کسی طرح پیچھے نہیں رہتے۔ فلاحی کاموں کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کا رجحان یہاں عام ہے۔
ایسے ہی فلاحی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے نجران کے ایک گاﺅں 'الحضن' میں لوگوں نے ان مستحق اور ضرورت مندو ں کے لیے 'مفت روٹی' کے عنوان سے مہم شروع کی ہے۔

مخیر افراد کی جانب سے ' مفت روٹی مہم ' کے لیے رقم فراہم کی جاتی ہے۔  فوٹو :ٹوئٹر

سعودی عرب کے اخبار ' الوطن ' نے نجران ریجن کے گاﺅں والوں کی جانب سے شروع کی جانے والی ' مفت روٹی مہم' کے حوالے سے بتایا کہ مخیر افراد کی جانب سے یہ مستحسن اقدام ہے ۔ 
 مہم کے حوالے سے اہل قریہ کا کہنا تھا ’ مخیر افراد کی جانب سے ایسے سپرسٹورز کو جہاں بیکری بھی قائم ہے ' مفت روٹی مہم ' کے لیے رقم فراہم کی جاتی ہے‘ ۔ 
مزید پڑھیں
سٹور کی انتظامیہ کی جانب سے ضرورت مندوں کو تازہ روٹی مفت فراہم کی جاتی ہے ۔ سٹور انتظامیہ اور مہم سے منسلک افراد لوگوں کو سوشل میڈیا پر اطلاع دیتے ہیں کہ آج ' مفت روٹی مہم ' کس سٹور میں فراہم کی گئی ہے ۔
قصبے کے لوگوں نے بتایا ’ مفت روٹی کی تقسیم پہلے صرف عیدوں پر کی جاتی تھی کچھ عرصے سے چند افراد نے یہ سلسلہ عام دنوں میں بھی شروع کیا بہتر نتائج سامنے آنے پر لوگوں کی بڑی تعداد اس فلاحی کام میں شامل ہو گئی ‘۔
’گرچہ یہ ایک انتہائی معمولی کام ہے مگر اسے انجام دے کر قلبی سکون حاصل ہوتا ہے کہ ہم اپنی معمولی رقم سے کسی کے لیے کھانے کا بندوبست کر نے کے قابل ہوئے ‘۔
علاقے کے رہائشی وکالت سے منسلک مانع عفینہ کا کہنا تھا’ یہ درست ہے کہ معمولی اقدام ہے مگر اس سے باہمی محبت اور بھائی چارے میں اضافہ ہوتا ہے‘۔
’ جب ایک ضرورت مند اپنی ضرورت کے مطابق روٹی لے جاتا ہے اور اسے کسی سے مانگنے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی ‘۔

شیئر: