Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مرغی مہنگی ، نئے نرخ کیا ہیں؟

مرغی کمپنیوں نے 10سے 12.5فیصد تک نرخ بڑھا دیے فوٹو: ٹوئٹر
 سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے پیر 20 جنوری سے 10سے 12.5فیصد تک نرخ بڑھا دیے۔اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔ 
مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پرکیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے سے سبسڈی ختم کردی ہے۔ چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

نرخ  میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔ فوٹو :عکاظ 

مرغی کمپنیوں کے ذرائع نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ ایک ٹن چارے کی قیمت میں 200 تا 400 ریال اضافے پر ایک مرغی کی پیداواری لاگت 60 تا 65 ہللہ بڑھے گی‘۔
 کمپنیوں کے مطابق ’مرغیوں کے نرخوں پر نظر ثانی مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ چارے کے نرخوں میں غیر متوقع اضافے نے صورتحال بدل دی ہے‘۔
ذرائع کا کہناہے کہ مرغیوں کے نرخ ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک بڑھیں گے اور یہ اضافہ وزن کے لحاظ سے ہوگا۔

 فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

 نئے نرخ کچھ اس طرح ہوں گے۔
800 گرام والی مرغی ساڑھے آٹھ ریال کے بجائے دس ریال، 900 گرام والی مرغی دس ریال کے بجائے ساڑھے گیارہ ریال، ایک کلو والی مرغی ساڑھے دس ریال کے بجائے بارہ ریال، 1100گرام والی مرغی ساڑھے گیارہ ریال کے بجائے تیرہ ریال اور 1200گرام والی مرغی تیرہ ریال کے بجائے ساڑھے 14ریال میں دستیاب ہوگی۔
 

شیئر: