Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی قیام پر چینی شہری سزا

چینی شہری نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا (فوٹو: اردو نیوز)
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ضلعی عدالت نے چنتاو نامی ایک چینی شہری کو  پاکستان میں غیر قانونی طور پر قیام کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 10 دن کی قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ چینی شہری کو سزا پوری ہونے پر ملک بدر کر دیا جائے۔
جج عامر رضا بیٹو نے چینی شہری پر فرد جرم عائد کرنے کے بعد پوچھا کہ کیا وہ اپنا دفاع کرنا چاہتے ہیں یا جرم قبول کرتے ہیں، جس پر چینی شہری نے اپنے دفاع کے بجائے پاکستان میں غیر قانونی طور پر قیام کرنے کا اعتراف کیا۔
عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ’ملزم چنتاو کو دفاع کا پورا حق دیا گیا لیکن انہوں نے عدالت کے روبرو اپنا جرم قبول کر لیا۔ لہذا جرم قبول کرنے کی وجہ سے ان کی سزا میں کمی کی جاتی ہے اور انہیں فارن ایکٹ کی دفعہ 14 کے تحت جرم ثابت ہونے پر 10 روز کی قید با مشقت اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے۔ اگر اس دوران وہ 20 ہزار روپے جرمانہ ادا نہیں کرتے تو انہیں مزید تین دن جیل میں کاٹنا ہوں گے۔‘
عدالت نے صوبے کی وزارت داخلہ کو بھی احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ مسٹر چینتاو کی سزا پوری ہونے پر انہیں واپس ان کے ملک چین بھیجنے کے انتظامات کرے۔

پولیس نے چینی شہری کو ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

عدالت نے چینی شہری سے گرفتاری کے وقت لی جانے والی اشیا بھی انہیں واپس کرنے کا حکم دیا ہے تاہم ان کی ذاتی اشیا انہیں جیل میں سزا پوری ہونے کے بعد واپس ملیں گی۔
خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے چینی شہری کو لاہور میں حراست میں لیا تھا اور ان کے پاس پاکستان میں رہنے کا قانونی جواز نہیں تھا جس کے باعث ان پر پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے کے الزام کے تحت مقدمہ بنایا گیا تھا۔
مسٹر چینتاو کو لاہور ائیر پورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا جب وہ اپنے ملک واپس جا رہے تھے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر منعم چوہدری کے مطابق گرفتاری کے وقت ان سے صوبے کی وزارت داخلہ کا جعلی حکم نامہ بھی برآمد ہوا تھا جس پر ان کو پاکستان میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں