Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور مصر کی بحری مشقیں 

 سعودی عرب سپیشل بحری سکیورٹی دستوں سمیت مشقوں میں شریک ہے، فوٹو: ایس پی اے
بحیرہ احمر میں ’مرجان 16‘ کے نام سے سعودی عرب اور مصر کی مشترکہ بحری فوجی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے جو 30 جنوری تک جاری رہیں گی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مشقیں دو مراحل میں ہوں گی۔ پہلے مرحلے میں لیکچرز ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں باقاعدہ مشقیں کی جائیں گی۔
 سعودی عرب ہیلی کاپٹروں،جنگی جہازوں اور سپیشل بحری سکیورٹی دستوں سمیت مشقوں میں شریک ہے۔

پہلے مرحلے میں لیکچرز جبکہ دوسرے مرحلے میں باقاعدہ مشقیں ہوں گی، فوٹو: ایس پی اے

دونوں برادر ممالک کی بحری افواج علاقائی سطح پر زیر استعمال جدید ترین طور طریقوں کا تبادلہ کریں گی۔ بحری حربی استعداد بڑھائیں گی اور سمندری جنگ کی مہارتوں میں اضافہ کریں گی۔
حال اور مستقبل میں پیش آنے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ بحری آپریشن کی مشقیں کریں گی۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع برادر اور دوست ممالک کی بحری افواج کے جنگی تصورات میں یگانگت پیدا کی جائے گی۔
مشقوں کے دوران متعدد سپیشلسٹ لیکچرز اور تربیتی کانفرنسز ہوں گی۔ مشقوں میں زیر استعمال اسلحہ اور ساز و سامان کی نمائش بھی کی جائے گی۔

مشقوں کے دوران متعدد سپیشلسٹ لیکچرز اور تربیتی کانفرنسز ہوں گی، فوٹو: ایس پی اے

بحری افواج متعدد سمندری آپریشنوں کی مشقیں بھی کریں گی۔ اس دوران مختلف قسم کا اسلحہ استعمال کیا جائے گا ۔ نشانہ باز گروپوں کے اشتراک سے گولہ بارود سے ساحل پر موجود ٹھکانوں پر حملوں کی مشق بھی ہو گی۔
مشقوں میں مبصر کی حیثیت سے کئی عرب اور افریقی ممالک بھی شریک ہیں۔
یاد رہے کہ مرجان 15 بحری فوجی مشقیں سعودی عرب کے مغربی علاقے میں ہوئی تھیں۔ دونوں ملک وقتاً فوقتاً جنگی استعداد بڑھانے کے لیے اس طرح کی مشقیں کرتے رہتے ہیں۔

شیئر: