Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان اور ولی عہد کی جانب سے قومی مہم میں 70 ملین ریال کے عطیات

شاہ سلمان کی جانب سے 40 جبکہ ولی عہد کی طرف سے 30 ملین ریال عطیہ کیے گئے۔ (فوٹو سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے قومی فلاحی مہم کے چھٹے ایڈیشن کے موقع پر’احسان‘ پلیٹ فارم کے ذریعے مجموعی طور پر 70 ملین ریال کے دو فراخدلانہ عطیات دیئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے فلاحی فنڈ میں 40 ملین ریال جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 30 ملین ریال عطیہ کیے گئے۔
یہ عطیات مملکت میں فلاحی کاموں کی انجام دہی کے لیے قیادت کی مسلسل اور غیرمحدود حمایت و تعاون کا تسلسل ہے۔ مہم کا آغاز سال 2021 میں کیا گیا تھا۔
عطیات کی تقسیم کے لیے انتہائی شفاف طریقہ کار اپنایا جاتا ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عطیات کی وصولی کا عمل مکمل کیا جاتا ہے اور وصول ہونے والے عطیات انتہائی شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائے جاتے ہیں۔
اس حوالے سے قومی فلاحی پلیٹ فارم احسان کی نگراں کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے احسان پلیٹ فارم پر رمضان المبارک کے دوران سرکاری سطح پرعطیات وصول کیے جاتے ہیں تاکہ ضرورت مند افراد کو پہنچائے جاسکیں۔

شیئر: