Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب لوک داستانیں اب نئے انداز میں

قدیم ثقافت کو کہانیوں کی شکل میں اجاگرکیا جائے گا(فوٹو عرب نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی چیریٹی فاونڈیشن ’مسک‘ کے زیرانتظام سعودی عرب میں جاپان کے تعاون سے بچوں کے لیے سلسلہ وار اینیمیٹڈ فلمز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی مانجا پروڈکشنز نے جاپانی کارٹون ’انیمے‘ کے انداز میں پہلی سعودی اینیمیٹڈ سیریز تیار کی ہے جس میں ماضی کی لوک داستانیں خوبصورت انداز میں پیش کی جائیں گی۔

جزیرہ العرب کی قدیم کہانیاں دلکش انداز میں دکھائی جائیں گی (فوٹو ٹوئٹر)

بچوں کے لیے یہ اینیمیٹڈ سیریز 24 جنوری سے ایم بی سی ون چینل پر سلسلہ وار دکھائی جائے گی۔ اس سیریز کا مقصد بالعموم پوری عرب دنیا جبکہ بالخصوص سعودی عرب کے عوام خصوصا بچوں کو تفریح کا ایک اور موقع نئے انداز میں فراہم کرنا ہے۔
سیریز میں کہانی دادی اماں اور ان کے پوتوں کے درمیان ہونے والے مکالموں پر مشتمل ہے جس میں بچوں کو ماضی کی سبق آموز داستانوں سے روشناس کرایا جائے گا۔ بچوں کو ان کہانیوں کے ذریعے سعودی عرب کی اخلاقی قدروں کے بارے میں سبق دیا جائے گا۔

آئندہ نسلوں کے لیے تحقیق و جستجو کے لیے بنیاد ثابت ہوگی(فوٹو ٹوئٹر)

جاپان کے قدیم اور مشہور سٹوڈیو ’توائی اینیمے‘ کے تعاون سے تیار کی جانے والی یہ سیریز سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی پہلی فلم ہے۔
 
مانجا پروڈکشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عصام بخاری نے بتایا ہے کہ ’ہم سعودی عرب اور دیگر تمام عرب ممالک کے لیے ایسا تخلیقی کام اور مواد فراہم کرنا چاہتے ہیں جو سعودی عرب کی آئندہ نسلوں کے لیے تحقیق و جستجو اور علوم و فنون کو آگے بڑھانے کے لیے بنیاد ثابت ہو سکے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 13 اقساط پر مشتمل اس سیریز میں سعودی عرب اور دنیا کی قدیم ثقافت کو کہانیوں کی شکل میں اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
قدیم زمانے میں یہاں کے لوگوں کی نقل و حمل، رہن سہن، طور طریقے اور سماجی روایات کی کارٹون کی شکل میں منفرد اور خوبصورت انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔

کہانیوں کے ذریعے اخلاقی قدروں کا سبق دیا جائے گا (فوٹو ٹوئٹر)

 یہ فلمی سیریز خاص طور پر بچوں کے لیے زیادہ دلچسپی کی حامل ہوگی کیونکہ اس میں جزیرہ العرب کی قدیم کہانیاں خوبصورت اور دلکش انداز میں پیش کی جا رہی ہیں۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: