2019 کے دوران 22.3 فیصد تیل کی عالمی طلب پوری کی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
گزشتہ برس 2019 کے دوران چھ عرب ممالک نے22.3 فیصد تیل کی عالمی طلب پوری کی ہے۔
سعودی عرب ان میں سرفہرست رہا جس کی یومیہ تیل پیداوار 9.8 ملین بیرل رہی ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے رکن چھ عرب ممالک سعودی عرب، عراق، امارات ، کویت، لیبیا اور الجزائر ہیں۔
الاقتصادیہ کے تجزیہ نگاروں نے اوپیک تنظیم کے جاری کردہ اعدادوشمار کے تناظر میں بتایا ’ 2019 کے دوران چھ عرب ممالک کی تیل پیداوار گزشتہ برس کے دوران خام تیل کی عالمی طلب کا 22.3 فیصد رہی۔یومیہ عالمی طلب 99.8 ملین بیرل تھی‘۔
اوپیک کے رکن عرب ممالک نے تیل کی پیداوار میں ایک فیصد کمی کے باوجود یہ ریکارڈ بنایا۔ یہ ممالک 2018 کے دوران یومیہ 22.5 ملین بیرل تیل پیدا کرر ہے تھے۔
اوپیک کے رکن عرب ممالک کی یومیہ پیداوار 2019 کے دوران اوپیک کی کل پیداوار کا 74.4فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اوپیک کے تمام ممالک رکن ممالک یومیہ 29.9 ملین بیرل تیل نکالتے رہے۔
عرب ممالک نے 2019 کے دوران تیل پیداوار میں کمی اوپیک پلس کے معاہدے کے بموجب کی تھی۔