Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلاق پر شادی کا جوڑا کیوں پہنا؟

امیرہ الناصر نے محبت کی شادی کی تھی (فوٹو: ایسپوسا گروپ ڈاٹ کام)
سعودی خاتون امیرہ الناصر نے طلاق کا جشن منانے کی وضاحت کی ہے۔
حال ہی میں ان کی طلاق پر جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی اور سینکڑوں لوگ سوال کر رہے تھے کہ آخر سعودی عرب جیسے قدامت پسند معاشرے کی ایک خاتون نے ایسا غیر روایتی کام کیسے کیا؟
عاجل ویب سائٹ کے مطابق امیرہ الناصر نے لوگوں کے چبھتے سوالات کے جواب دینے کی کوشش کی ہے۔

امیرہ الناصر نے لوگوں کے چبھتے سوالات کے جواب دینے کی کوشش کی ہے (فوٹو :عاجل)

امیرہ الناصرکا کہنا ہے کہ ’میرا مقصد طلاق کا جشن منانا نہیں تھا۔ ان عورتوں کی صف میں بھی خود کو شامل نہیں کرنا چاہتی تھی جنہوں نے حقیقت میں طلاق ملنے پر خوشیاں منائیں اور باقاعدہ طلاق کی تقریب کے نام سے فائیو سٹار ہوٹلوں میں پروگرام کیے‘۔
امیرہ الناصر نے سکائپ کے ذریعے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ ’ طلاق پر شادی کا جوڑا یہ جتانے کے لیے پہنا تھا کہ میں کوئی کمزور شخصیت کی مالک نہیں۔ ہر مطلقہ کو یہ سمجھانا چاہتی تھی کہ ان کی زندگی مردوں پر منحصر نہیں ہے‘۔
امیرہ الناصر نے مزید کہا کہ ’ایسی خواتین جن کے شوہر ان سے بے وفائی کر رہے ہوں یا ان کے ناز نخرے اٹھانے میں دلچسپی نہ رکھتے ہوں۔ ایسی خواتین کو مشورہ دوں گی کہ وہ  تردد سے کام نہ لیں۔‘
امیرہ الناصر کا کہنا تھا کہ ’ہر مطلقہ کو مشورہ دوں گی کہ وہ طلاق کے بعد نئی زندگی شروع کرے اور ماضی کو بھول جائے‘۔ 

ٹوئٹر پر امیرہ الناصر کے حوالے سے ہیش ٹیگ بھی بنا رہا (فوٹو: عاجل)

امیرہ الناصر سنیپ چیٹ سٹار ہیں۔ جشن طلاق کے بعد وہ گوگل پر ٹرینڈ بن گئیں۔ ٹوئٹر پر ا ن کے حوالے سے ہیش ٹیگ بھی بنا ر ہا۔
امیرہ الناصر نے ٹوئٹر پر وائرل اپنے وڈیو کلپ میں کہا تھا کہ ’طلاق کے بعد شادی کا جوڑا اس لیے پہنا تاکہ خود سمیت ہر مطلقہ خاتون کے ذہن میں یہ بات بٹھا دوں کہ زندگی کسی ایک شخص پر آ کر ختم نہیں ہوجاتی،چاہے وہ انسان ہیرا ہی کیوں نہ ہو‘۔
یاد رہے کہ امیرہ الناصر نے محبت کی  شادی کی تھی۔ سنیپ چیٹ پر دونوں کی وڈیوز اس کا بڑا ثبوت ہے۔
طلاق پر سعودی معاشرہ دو حلقوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ کچھ وہ تھے جنہوں نے طلاق کی تقریب کی حمایت کی تھی اور کچھ وہ تھے جنہوں نے ایسا کرنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

شیئر: