Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ریاض میں جرمن انجینئر سے منسوب پارک کا افتتاح

رچرڈ بوڈیکر نے ریاض کے ڈپلومیٹک زون سے زندگی بھر پیار کیا (فوٹو: اخبار24)
جرمن انجینئر رچرڈ بوڈیکر کے نام سے سعودی دارالحکومت ریاض کے مشہور پارک کا افتتاح کر دیا گیا۔
وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جرمن انجینئر کے اہل خانہ اور ریاض میں تعینات جرمن سفیر کی موجودگی میں افتتاح کے لیے پارک کا فیتہ کاٹا۔
الشرق الاوسط کے مطابق جرمن انجینئر رچرڈ بوڈیکر نے 46 برس تک سعودی دارالحکومت ریاض کی منصوبہ بندی، ملک بھر خصوصاً ریاض کے ڈپلومیٹک زون میں سبزہ زاروں کی ڈیزائننگ کا کام بھی انجام دیا۔

جرمن انجینئر 2018 میں 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے (فوٹو: الاخبار24)

شہزادہ بدر بن عبداللہ نے اس موقع پرجرمن انجینئر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’رچرڈ بوڈیکر نے ریاض خصوصاً ڈپلومیٹک زون سے زندگی بھر پیار کیا۔‘
سعودی عرب اور اس کے باشندے تعمیر و ترقی میں حصہ لینے والے کسی بھی شخص کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ جرمن انجینئر کی فیملی کو اس تقریب میں شرکت کے لیے باقاعدہ دعوت نامہ بھیج کر جرمنی سے ریاض بلایا گیا تھا۔

جرمن انجینئر کی فیملی کو جرمنی سے ریاض بلایا گیا (فوٹو: الاخبار24)

واضح رہے کہ جرمن انجینئر 2018 میں 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ اس تقریب میں غیر ملکی سفارت کار، سفیروں اور جرمن انجینئر کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
رچرڈ پوڈیکر کے صاحبزادے ینز بوڈیکر نے جذباتی لہجے میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ریاض کے مشہور ترین پارک کو میرے والد کے نام سے منسوب کرنے پر مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ اس اعزازکے لیے میں اور ہماری پوری فیملی سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔‘
’یہ سوچ کر بھی بہت اچھا لگ رہا ہے کہ اس پارک کا ڈیزائن بھی میرے والد نے تیار کیا تھا۔ اس پارک کا پرانا نام الحجر تھا جو اب تبدیل ہو کر میرے والد کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔ پارک کے گیٹ پر جرمن انجینئر کا نام بھی لکھ دیا گیا ہے۔‘
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: