Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض 2020 میں عرب خواتین کا دارالحکومت

سعودی عرب ایک برس تک عرب خواتین کمیٹی کا صدر رہے گا
عرب خواتین کمیٹی کا 39 واں اجلاس عرب لیگ کے بینر تلے 9 اور 10 فروری کو سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گا۔ عرب ممالک کے وفود، وزرا، سربراہان، عرب خواتین کے قومی اداروں،عرب اور عالمی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب ایک برس تک عرب خواتین کمیٹی کا صدر رہے گا۔ اس موقع پر ریاض کو 2020ء میں عرب خواتین کے دارالحکومت کا نام دیا جائے گا۔
عرب خواتین کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے پر اہم موضوعات ہیں۔ بیجنگ ریجنل اعلامیہ 25 کے نتائج پر بحث ہو گی۔ پائیدار ترقی 2020ء کے ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔ عرب دنیا میں خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے والے اقدامات زیر بحث آئیں گے۔
عرب معاشروں میں خواتین کے کردار کو فروغ دینے سے متعلق وزارتی کانفرنس کی سفارشات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ خواتین سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر غور ہو گا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فیملی امور کونسل کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ھلا بنت مزید التویجری نے بتایا کہ ’خواتین کمیٹی کا 39 واں اجلاس پوری عرب دنیا میں ترقی کے عمل کے استحکام اور عرب مسائل کے حل کے کے سلسلے میں سعودی عرب کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ریاض میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
التویجری نے توجہ دلائی ہے کہ ’ان دنوں سعودی عرب میں وژن 2030 کے مطابق خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے متعدد اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں۔‘ 
اصلاحات کی بدولت سعودی خواتین کو مختلف محاذوں پر کامیابی ملی ہے۔ خواتین کے حوالے سے قانون سازی ہوئی ہے اور کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: