Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: 24 گھنٹوں میں 86 ہلاک، ایک امریکی بھی شامل

کورونا وائرس سے اب تک کم از کم 722 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سنیچر کو 722 ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں میں اس وائرس کا شکار بننے والا پہلا غیر ملکی بھی شامل ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین میں 24 گھنٹوں کے دوران 86 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
چین میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ وائرس سے ہلاک ہونے والا پہلا غیر ملکی ایک 60 سالہ امریکی شہری ہے جس میں کورونا وائرس کی تصدیق جمعرات کو ہوئی تھی۔
تاہم سفارتخانے نے مرنے والے شخص سے متعلق مزید تفصیلات نہیں دیں۔
امریکی شہری کے علاوہ ایک 60 سالہ جاپانی شخص کی ووہان کے ہسپتال میں ہلاکت ہوئی ہے۔
جاپان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص میں اب تک کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

کورونا وائرس سے اب تک 34 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے اب تک 34 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔
جمعرات کو چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے 19 غیر ملکی ہیں جن میں سے دو صحت یاب ہو چکے ہیں۔ تاہم وزارتِ خارجہ نے ان کی قومیت ظاہر کرنے سے انکار کیا ہے۔
چین سے باہر ہونے والی ہلاکتوں میں اب تک فلپائن میں ایک چینی اور ہانگ کانگ میں ایک 39 سالہ شخص شامل ہیں۔
کورونا وائرس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ گذشتہ سال چین کے شہر ووہان میں ایک مارکیٹ سے شروع ہوا جہاں جانور فروخت ہورہے تھے۔
اس وائرس کا انکشاف کرنے والے ڈاکٹر کی بھی اسی سے ہلاکت ہوئی ہے۔

شیئر: