Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردی سے بچاؤ کے لیے رکھی گئی رکاوٹیں ختم

حکام کے مطابق جن مقاصد کے تحت رکاوٹیں رکھی تھیں وہ پورے ہو چکے ہیں (فوٹو: عکاظ)
جدہ میں سرکاری اداروں کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ، سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) اور ایک اہم رہائشی کمپلیکس کے اطراف رکاوٹیں ہٹائی گئی ہیں۔
کئی اداروں پر مشتمل خصوصی کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ حفاظتی رکاوٹوں کے اسباب ختم ہو گئے ہیں۔ اب انہیں ہٹایا جانا ضروری ہو گیا ہے‘۔
 ’حفاظتی رکاوٹیں شہر کے جمالیاتی منظر پر منفی اثر ڈال رہی ہیں۔ یہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ ان سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹ آ رہی ہے‘۔

خصوصی کمیٹی نے کہا ہے کہ حفاظتی رکاوٹوں کے اسباب ختم ہو گئے ہیں (فوٹو: عکاظ)

کمیٹی نے رہائشی مراکز اور سرکاری اداروں سے کہا ہے کہ ’ اگر حفاظتی رکاوٹیں نہ ہٹائیں تو ایسی صورت میں جدہ میونسپلٹی مداخلت کرے گی اور حفاظتی رکاوٹیں ہٹا کر ان کے جملہ اخراجات رہائشی مراکز اور سرکاری اداروں سے وصول کرے گی‘۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ میونسپلٹی، محکمہ ٹریفک اور دیگر متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ ’ سرکاری اداروں کے اطراف قائم حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی جائیں۔‘
 کمیٹی نے موقف اختیارکیا ہے کہ ’جن مقاصد کے تحت یہ حفاظتی رکاوٹیں لگائی گئی تھیں اب وہ مقاصد پورے ہو چکے ہیں۔ دہشت گردانہ حملوں کے خطرات ختم ہو چکے ہیں جبکہ ان رکاوٹوں سے جاری نقصانات انہیں ہٹا کر دور کیے جا سکتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر دہشت گردی کے حملوں اور سازشوں کے بعد وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں قائم کر دی گئی تھیں۔ ممکنہ خطرات کے پیش نظر حفاظتی رکاوٹیں سالہاسال سے برقرار ہیں۔
 حفاظتی رکاوٹوں سے جہاں سرکاری عمارتوں کو بڑی حد تک دہشت گردانہ حملوں سے سنگین خطرات سے تحفظ ملا ہے وہیں ٹریفک سمیت متعدد مسائل بھی پیدا ہوتے رہے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں