Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لیے آیا ہوں‘

سیکریٹری جنرل عالمی افغان مہاجرین کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ فوٹو: ریڈیو پاکستان
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ان کے پاکستان کے دورے کا مقصد وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرنا ہے۔
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس افغان مہاجرین پر ہونے والی دو روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے اتوار کو پاکستان پہنچے ہیں۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے سیکریٹری جنرل کی مصروفیات کے حوالے سے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ تین روزہ دورے کے دوران اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ ارکان پارلیمان، میڈیا اور نوجوانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 
انتونیو گوتریس کی پاکستان میں مصروفیات میں لاہور کا دورہ بھی شامل ہے۔ اس دوران وہ گردوارا کرتار پور بھی جائیں گے۔
دو روزہ عالمی افغان مہاجرین کانفرنس کا مقصد پاکستان کی چالیس سالہ میزبانی کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے، اور دنیا کو یہ احساس دلانا ہے کہ مہاجرین کا بوجھ اٹھانے میں پاکستان کی مدد کی جائے۔ کانفرنس کا آغاز وزیراعظم عمران خان کے خطاب سے ہو گا۔ 
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے سربراہ فلپو گرانڈی کے علاوہ ان بیس ممالک کے وفود بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے جو افغان مہاجرین کی بحالی میں اپنا کرداد ادا کرتے رہے ہیں۔
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان پہنچنے سے پہلے ٹویٹ کیا کہ وہ پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ قابل اعتماد کردار ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی آج صبح آمد پر پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم دفترخارجہ اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا۔

شیئر: