خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں 11 شدت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر
بیان کے مطابق ’ہلاک ہونے والے شدت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں 11 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
سنیچر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 8 جنوری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان ضلع میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی۔
’کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔‘
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ایک اور مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی انجام دی جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران پانچ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ہلاک ہونے والے انڈین سرپرستی یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔‘ شدت پسند سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد سرگرمیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے انڈین سرپرستی یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل اور بھرپور انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
