Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں پٹرولنگ پولیس کے لیے جدید ترین گاڑیاں

جدید ٹیکنالوجی سے لیس موٹر سائیکلیں حج سیزن کے دوران بھی استعمال کی جاسکیں گی (فوٹو: سبق)
ریاض پولیس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر خالد الحربی نے بدھ کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں کا افتتاح کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بریگیڈیئر الحربی نے بتایا ’موبائل پولیس یونٹس کو فراہم کی جانے والی گاڑیاں جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل ہیں۔‘ 
اس میں نصب خود کار سسٹم کے ذریعے پولیس اہلکار کسی بھی شخص کے بارے میں تفصیلی معلومات اسی وقت حاصل کرسکیں گے۔ اس سے قبل یہ معلومات اہلکار کو پولیس کنٹرول روم سے حاصل کرنا پڑتی تھیں۔

گاڑیوں میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ بھی فراہم کیاگیا ہے۔ (فوٹو: سبق)

پولیس کو ملنے والی نئی گاڑیوں میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ اور مکمل ڈیٹا سرور بھی فراہم کیاگیا ہے۔
بریگیڈیئر خالد الحربی نے مزید بتایا کہ جدید ترین گاڑیاں مملکت کے موسمیاتی ماحول کے عین مطابق تیار کی گئی ہیں۔ان میں نصب ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کے ذریعے پولیس کنٹرول روم سے فوری رابطے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
پولیس یونٹ کو فراہم کی جانے والی گاڑیوں میں خصوصی طور پر تیار کی جانے والی فور وہیل موٹر سائیکل جو اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی خصوصی صلاحیت سے لیس ہے۔

گاڑیاں سعودی عرب کے موسمیاتی ماحول کے عین مطابق تیار کی گئی ہیں (فوٹو: سبق)

موٹر سائیکلوں میں فراہم کی جانے والی سکیننگ ڈیوائس کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو چھپائے گئے اسلحہ کے بارے میں معلوم ہوسکے گا۔ خصوصی گاڑیوں میں دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی بھی صلاحیت رکھی گئی ہے۔
موٹر سائیکلوںکے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اہلکار فوری طور پر متاثرہ مقام تک پہنچ سکیں گے۔ جہاں عام طور پر اژدحام سے گاڑیوں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس موٹر سائیکلیں حج سیزن کے دوران بھی استعمال کی جاسکیں گی۔
 

شیئر: