Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کون ہیں؟

ڈاکٹر فردوس عاشق نے خالد جاوید کے بطور نیا اٹارنی جنرل مقرری کی تصدیق کی (فوٹو:پی آئی ڈی)
پاکستان کی وفاقی حکومت نے ایک بار پھر خالد جاوید خان کو  اٹارنی جنرل پاکستان مقرر کر دیا ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے مختصر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خالد جاوید خان کو نیا اٹارنی جنرل تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم نے وزارت قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ اٹارنی جنرل کی تعیناتی کے حوالے سے سمری بھجوا دے۔ 
اس سے قبل وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں حکومتی تعیناتی کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ’حکومت نے خالد جاوید خان کو نیا اٹارنی جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئین کی سربلندی اور قانون کی حکمرانی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔ تمام آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں، ان کی عزت و توقیر ہمارے لیے انتہائی مقدم ہے۔‘
خالد جاوید خان کی تقرری سابق اٹارنی جنرل کیپٹن ریٹائرڈ انور منصور خان کی جگہ پر کی گئی ہے۔ 

خالد جاوید خان کون ہیں؟

نئے تعینات ہونے والے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان 2018 کی نگران حکومت میں اٹارنی جنرل کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1991 میں سندھ ہائی کورٹ میں وکالت کا آغاز کیا اور 2004 میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے تھے۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت (96 ۔ 1993) میں خالد جاوید خان اس وقت کہ اٹارنی جنرل کے لیگل ایڈوائزر تعینات ہوئے تھے اور اس حیثیت میں وہ بے نظیر کو قانونی مشورے بھی دیتے رہے۔
جون 2013 میں سندھ میں قائم علی شاہ کے دور میں وہ ایڈوکیٹ جنرل سندھ بنے، تاہم چھ ماہ بعد ہی جنوری 2014 میں انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے والد پروفیسر این ڈی خان پاکستان پیپلزپارٹی کے دیرینہ اور بزرگ رہنما ہیں۔
54 سالہ خالد جاوید خان آئینی و قانونی امور، انکم ٹیکس، سیلزٹیکس، کسٹمز، زمینی معاملات، بینکنگ اور خدمات کے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں۔ 
انھوں نے یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی اور ہاورڈ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کا امتحان پاس کیا، وہ لنکن ان کے رکن بھی ہیں۔

سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان مستعفی

انور منصور خان نے جمعرات کو  یہ کہہ کر عہدے سے استعفیٰ دیا تھا کہ ان کے ساتھی وکلا نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم بعد ازاں ہونے والی پیش رفت سے اندازہ ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی صدارتی ریفرنس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ کے خلاف متنازع بیان دینے پر انور منصور سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا مؤقف ہے کہ سابق اٹارنی جنرل نے بینچ کے بارے میں جو مؤقف اپنایا اس پر حکومت سے مشاورت نہیں کی گئی تھی۔ وزارت قانون نے ان کے بیان سے لاتعلقی پر مبنی جواب پہلے ہی سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا ہے۔

 انور منصور خان کے مطابق ساتھی وکلا نے استعفے کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو:اے ایف پی)

سابق اٹارنی جنرل کا دعویٰ ہے کہ انہوں  نے عدالت میں جو کچھ کہا وہ حکومت کے علم میں تھا اور اس پر باضابطہ مشاورت ہوئی تھی۔
نئے تعینات ہونے والے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان آئینی امور کے علاوہ ریونیو اور ٹیکسیشن کے امور میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آج جمعہ کو جاری ہونے کا امکان ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: