مویشی منڈی میں نیا قانون شروع، سواکنی بھیڑ 35 ریال فی کلو
صارفین کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے قیمتوں کی نگرانی جاری رکھیں۔ فوٹو:ایکس اکاؤنٹ
وزارت ماحولیات و زراعت کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے یکم محرم 1447 ہجری سے مملکت میں مویشیوں کو وزن کر کے فروخت کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
سبق نیوز نے اس حوالے سے طائف کی مویشی منڈی کا سروے کیا جہاں جمعرات یکم محرم سے مویشیوں کو وزن کر کے فروخت کرنے کے لیے باڑوں کے مالکان نے ویٹ مشین نصب کر لی ہیں جن پر مویشیوں کو تولنے کے بعد ان کی قمیت کا تعین کیا جاتا ہے۔
مویشی منڈی کے ایک تاجر کا کہنا تھا کہ ’نئے قانون پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے جو نہ صرف تاجروں بلکہ صارفین کےلیے بھی مفید ہے۔‘
نئے قانون پر عمل درآمد کے پہلے روز قیمتیں مختلف رہیں جن میں ’حری‘ بھیڑ 35 سے 40 ریال فی کلو جبکہ سواکنی سفید والی بھیڑ 30 سے 35 اور سواکنی سیاہ کی قیمت 25 سے 30 ریال فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کی گئی۔
اس ضمن میں صارفین کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ مارکیٹ کے نرخوں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں تاکہ قیمتیوں میں غیرضروری اضافہ نہ ہو۔