Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ انڈیا میں تاج محل دیکھیں گے

اس دورے میں صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، ان کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کو پہلی بار انڈیا کے دو روزہ دورے پر مغربی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد پہنچ گئے ہیں۔
گجرات سے صدر ٹرمپ تقریبا دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر آگرہ میں موجود مغل دور کی نشانی تاج محل دیکھنے جائيں گے۔
تاج محل کے راستے کے دونوں کناروں پر خوبصورتی کے لیے رنگ برنگے پھولوں کے گملے رکھے گئے ہیں۔
اس دورے میں صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، ان کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق امریکی صدر دوپہر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے ہیں جہاں سے ان کا قافلہ کار سے تقریبا 22 کلومیٹر کا سفر طے کر کے موٹیرا سٹیڈیم پہنچے گا۔
موٹیرا سٹیڈیم انڈیا کا جدید ترین سٹیڈیم ہے جہاں تقریبا ایک لاکھ لوگوں کی گنجائش ہے لیکن اس دورے سے قبل پہلے صدر ٹرمپ نے پہلے کہا کہ ان کے استقبال کے لیے تقریبا 60 کروڑ لوگ موجود ہوں گے۔
بعد ازاں ان کا یہ بیان سامنے آیا کہ ایک کروڑ لوگ ان کا استقبال کریں گے۔ تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پورے شہر کی کل آبادی ہی 70 لاکھ ہے۔
 

انڈیا کے سینڈ آرٹسٹ نے ٹرمپ کی انڈیا آمد کے حوالے سے ساحل سمندر پر جو آرٹ بنایا ہے اسے وسیع پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

انڈیا کی وزرات خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے استقبال کے لیے ہزاروں افراد موجود ہوں گے۔
وہ انڈیا کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے سابرمتی آشرم بھی جائیں گے۔
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے گذشتہ سال امریکہ دورے میں ایک بڑی تقریب 'ہاؤڈی مودی' کے نام سے منعقد ہوئی تھی جبکہ پیر کو ایسی ہی ایک تقریب صدر ٹرمپ کے استقبال میں ہوگی جسے 'نمستے ٹرمپ' کا نام دیا گیا ہے۔
ہاؤڈی مودی کے بارے میں بھی کہا گیا تھا کہ وہ انڈیا کا سپانسر کیا ہوا پروگرام تھا جبکہ یہ تو انڈیا کا سرکاری پروگرام ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین ان تقاریب پر آنے والے اخراجات کا ذکر بھی کر رہے ہیں۔
انڈیا کے سینڈ آرٹسٹ نے ٹرمپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے ساحل سمندر پر جو آرٹ بنایا ہے اسے سوشل میڈیا پر کافی شیئر کیا جا رہا ہے۔
راستے میں ٹرمپ کے استقبال کے لیے انڈیا کے مختلف علاقائی ثقافت کی جھلک بھی پیش کی جائے گی۔
ٹوئٹر صارف زیبا وارثی نے لکھا ہے کہ اس موقعے پر کشمیر کے فوک رقص کو بھی پیش کیا جائے گا اور انھوں نے اس کے متعلق مشق کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق صدر ٹرمپ سہ پہر تین ساڑھے تین بجے آگرہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں بڑے پیمانے پر صاف صفائی کی گئی اور سکیورٹی کا خاص انتظام بھی کیا گیا ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی سکیورٹی کے لیے سپیشل فورسز باہر سے بھی بلائی گئی ہیں۔

شام کو تاج محل کا نظارہ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ رات میں دہلی پہنچيں گے جہاں انھیں عشائیہ دیا جائے گا (فوٹو:اے ایف پی)

شام کو تاج محل کا نظارہ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ رات میں دہلی پہنچيں گے جہاں انھیں عشائیہ دیا جائے گا۔
دوسرے دن صبح کو وہ اپنے دن کا آغاز دارالحکومت دہلی میں موجود راج گھاٹ پر گاندھی کی سمادھی (یادگار قبر) پر حاضری کے ساتھ کریں گے۔
منگل کے روز صبح 11 بجے صدر ٹرمپ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے جس کے بعد رات میں کسی وقت ایک مشترکہ بیان متوقع  ہے۔

شیئر: